راولپنڈی ڈویژن میں بیک ٹو اسکول پروگرام اور انرولمنٹ مہم کی پیش رفت

راولپنڈی ڈویژن میں بیک ٹو اسکول پروگرام کا انعقاد ہوا جس میں حکام، ضلعی تعلیمی افسران اور شمولیتی اداروں کے نمائندوں نے گرمیوں کی تعطیلات کے بعد طلبہ کو اسکولوں میں واپس لانے اور آؤٹ آف سکول بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے پر زور دیا۔ پروگرام میں پنجاب حکومت کی تعلیمی پالیسیاں، انرولمنٹ مہم کی پیش رفت اور مقامی سطح پر اٹھائے جانے والے اقدامات پر روشنی ڈالی گئی۔
تقریب گورنمنٹ مسلم ہائر سیکنڈری سکول نمبر ون سید پور روڈ راولپنڈی میں ڈویژنل سطح پر منعقد ہوئی۔ مہمان خصوصی ایڈیشنل کمشنر (ریونیو) راولپنڈی مسعود بخاری اور محمد عبداللہ خان ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز راولپنڈی نے شرکت کی۔ مری کے چیف ایگزیکٹو افیسر نزہت کلثوم شہزادی اور چکوال، اٹک، جہلم کے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن افیسرز نے بھی شرکت کی اور چیف ایگزیکٹو افیسر کی نمائندگی کی۔
پی ایم آئی یو لاہور کی جانب سے راحیل ارشد (پروگرام افیسر مانیٹرنگ اینڈ ایولوشن) اور شہزادہ سہیل (پروکیورمنٹ افیسر) بھی پروگرام میں شامل ہوئے۔ پروگرام کا مقصد طلبہ و طالبات کو گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد اسکول واپسی کے لیے خوش آمدید کہنا، عوام میں آؤٹ آف سکول بچوں کے حوالے سے شعور پیدا کرنا اور انرولمنٹ مہم 2025 کو فروغ دینا تھا۔
چیف ایگزیکٹو افیسر ایجوکیشن راولپنڈی طارق محمود نے خطاب میں پنجاب حکومت کی جانب سے تعلیم کے شعبے میں کئے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا اور ضلع و ڈویژن کی سطح پر انرولمنٹ کے تازہ اعداد و شمار پیش کئے۔ انہوں نے کہا کہ راولپنڈی میں انرولمنٹ مہم کے تحت قابلِ ذکر بہتری دیکھی گئی ہے اور تمام اسکولوں میں مہم بھرپور انداز میں جاری ہے۔ طارق محمود نے مفت کتابیں، وظائف اور دیگر سہولتوں کو تعلیم عام کرنے کی حکومتی کوششوں کی مثال قرار دیا اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے تعلیمی اہداف کے حصول کے لیے عزم کا اظہار کیا۔
راحیل ارشد نے ڈویژن راولپنڈی کے ضلع وار آؤٹ آف سکول بچوں کا ڈیٹا پیش کرتے ہوئے انہیں اسکولوں میں واپس لانے کے عملی طریقوں اور حکمتِ عملی پر رہنمائی کی۔ ان کی پیشکش نے مقامی سطح پر مہم کی منصوبہ بندی اور فوری اقدامات کے لیے راہ ہموار کیں۔
مہمان خصوصی مسعود بخاری نے ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کی کوششوں کو سراہا اور تعلیم کے اہداف کے حصول میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ ان کا کہنا تھا کہ سرکاری و غیر سرکاری سطح پر مل کر کام کرنے سے مطلوبہ نتائج حاصل کئے جا سکتے ہیں۔
تقریب میں محکمہ تعلیم کی ہدایات کے تحت تشکیل دی گئی اسکول کونسلز کے ممبران نے بھی شرکت کی اور مقامی سطح پر بچوں کی انرولمنٹ کو یقینی بنانے میں اپنا فعال کردار نبھانے کا اعادہ کیا۔ اسکول کونسلز نے کہا کہ وہ گھریلو سطح پر والدین کو آگاہی فراہم کریں گے اور محلے کی سطح پر آؤٹ آف سکول بچوں کو اسکولوں میں لانے میں مدد کریں گے۔
منتظمین نے کہا کہ آؤٹ آف سکول بچوں کی واپسی کے لیے تمام متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کو ایک مشترکہ پلیٹ فارم پر لانا ضروری ہے۔ پروگرام نے نہ صرف شعور اجاگر کیا بلکہ فوری انرولمنٹ کے ذریعے مہم کے عملی آغاز کو بھی ممکن بنایا۔
منعقدہ بیک ٹو اسکول پروگرام کو راولپنڈی ڈویژن میں ایک سنگِ میل قرار دیا گیا ہے، جس سے نہ صرف تعلیمی شمولیت میں تیزی آئے گی بلکہ پنجاب حکومت کے وژن "تعلیم سب کے لیے” کے عملی نفاذ میں بھی مدد ملے گی۔



