Uncategorized

‘کورونا وائرس کے باعث پاکستان جیسے غریب ممالک کے قرضے معاف کئے جائیں’

زیراعظم عمران خان نے کورونا وائرس کے باعث خراب صورتحال کے پیشِ نظر پاکستان سمیت غریب ممالک کےقرضے معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔ غیر ملکی میڈیا کو دیے گئے انٹرویو میں وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ قرضے معاف ہونے سے کورونا وائرس سے نمٹنے میں مدد ملے گی لہٰذا عالمی برادری غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے پرغور کرے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کورونا وائرس زیادہ پھیلا تو اس سے نمٹنے کی صلاحیت اور وسائل نہیں ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے ایران پر سے بھی پابندیاں اٹھانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پابندیاں اٹھانے سے ایران کو کورونا وائرس سے نمٹنےمیں مدد ملےگی لہٰذا مشرق وسطیٰ میں کورونا سے بدترین متاثر ایران پر سے پابندیاں ہٹائی جائیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ کورونا وائرس دنیا کے ترقی پزیر ممالک کی معیشتوں کو تباہ کرسکتا ہے، ترقی یافتہ ممالک غریب ممالک کے قرضے معاف کرنے کے لیے تیار رہیں، وائرس سے پیدا بحران سے ترقی پذیر ممالک میں بھوک اور غربت پھیلنے کا ڈر ہے، عالمی برادری کو پاکستان جیسے ممالک کے لیے قرضوں کی معافی کی کوئی صورت نکالنے کا سوچنا ہوگا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان جیسے ممالک کو کورونا وائرس سے بدترین معاشی بدحالی کا خدشہ ہے، ترقی یافتہ معیشتوں کا اقدام کمزور معیشتوں کو کورونا وائرس کے بحران سے لڑنے میں مدد دے گا۔
عمران خان نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کو بچانےکی کوشش کررہے ہیں، اگرکورونا کی صورتحال سنگین ہوئی توکمزور معیشت کو بچانے میں ناکام ہوجائیں گے، پاکستان کی برآمدات متاثر ہوں گی اور بیروزگاری میں اضافہ ہوگا، آئی ایم کا قرضہ پاکستان کے لیے ناممکن معاشی بوجھ بن جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے پاکستان، بھارت اور افریقی ممالک کو یکساں بحران کا سامنا ہوگا، پاکستان کے پاس کسی بڑے بحران سے نمٹنے کے لیے علاج کی سہولیات ہیں نہ وسائل۔
یاد رہے کہ پاکستان میں اب تک کورونا سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد 195 تک پہنچ گئی ہے جبکہ آج لاہور میں ایک شخص کی ہلاک بھی ہوچکی ہے۔

Back to top button