سوات: سکول وین پر پولیس اہلکار کی فائرنگ، ایک طالبہ جاں بحق، چھ زخمی
عدنان باچا
سوات : پولیس اسٹیشن منگلور کی حدود میں سنگوٹہ پبلک سکول میں ڈیوٹی پر مامور پولیس اہلکار محمد عالم کی فائرنگ سے سکول کی ایک پانچ سالہ طالبہ عائشہ دختر عابد سکنہ چارباغ جاں بحق ہو گئی جبکہ روما حسین، ناہید،اریشہ،حورین وجیہہ،عیشال اور حریم زخمی ہو گئیں۔
تمام زخمیوں کو سیدو شریف اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ان کو طبی امداد دی جا رہی ہے ۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور کا کہنا ہے کہ ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جس سے تفتیش کی جا ری ہے ، پولیس اہلکار قاتل ہے جس کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا۔
پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس اہلکار سے غلطی سے گولی چلی ہے جبکہ دوسری جانب یہ بھی اطلاعات موصول ہو رہی ہے کہ پولیس اہلکار ذہنی مریض تھا۔
افسوسناک واقعے کے بعد سوات کے سماجی و سیاسی شخصیات نے اسپتال کے دورے بھی کئے ۔
ریجنل پولیس افیسر ملاکنڈ ناصر محمود ستی نے ہمراہ ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات شفیع اللہ گنڈاپور اور ڈپٹی کمشنر سوات عرفان اللہ وزیر سیدو شریف ہسپتال کا دورہ کیا۔
ترجمان سوات پولیس کے مطابق انہوں نے فائرنگ سے زخمی ہونے والے بچوں کی سیدوشریف ہسپتال میں عیادت کی۔
ار پی او ملاکنڈ نے ہسپتال انتظامیہ کو زیر علاج بچوں کو تمام تر سہولیات مہیا کرنے کے احکامات جاری کیے۔
دوسری جانب علاقہ عوام اور پرائیویٹ سکول ایسوسی ایشن کی جانب سے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور اپنا احتجاج ریکارڈ کروایا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ پولیس اہلکار کو ذہنی معذور بتایا جا رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ غلطی ہوئی ہے ، ایسے پولیس اہلکاروں بھرتی کیوں کیا جاتا ہے جبکہ ان کا ذہنی توازن ٹھیک نا ہو، ہم مزید اس قسم کے حادثات کے متحمل نہیں ہو سکتے، ڈی پی او سوات واقعے کی شفاف تحقیقات یقینی بنا کر رپورٹ عوام کے سامنے پیش کریں اور ملزم کو قرار واقعی سزا دی جائے۔