ماحولیات

بلین ٹری سونامی: خیبرپختونخوا میں محکمہ تعلیم مہم کاحصہ

خالدہ نیاز

خیبرپختونخوا حکومت نے بلین ٹری سونامی منصوبے میں محکمہ تعلیم کو بھی شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت محکمہ 3 سال کے دوران طلباء کے تعاون سے 4 کروڑ پودے لگائے گا۔ دوسری جانب ماہرین کہتے ہیں کہ پودوں کی تعداد بڑھانے کی بجائے طلباء کو پودوں اور درختوں کی تربیت دینا ضروری ہے۔

اس حوالے سے چند روز قبل محکمہ جنگلات اور محکمہ تعلیم نے ایک ایم او یو سائن کیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ اس مخصوص شجرکاری مہم کا آغاز 20 فروری 2020 سے ہوگا اور جون 2023 تک جاری رہے گا۔

اس حوالے سے محکمہ تعلیم کے ترجمان کرامت نے بتایا کہ محکمہ جنگلات کے ساتھ کئے گئے معاہدے تحت سرکاری تعلیمی اداروں میں پڑھنے والا ہر طالبعلم دس پودے نہ صرف لگائے گا بلکہ اس کی حفاظت بھی کرے گا۔

ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران انہوں نے کہا کہ طلباء کو یہ پودے محکمہ جنگلات مہیا کریں گا۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ ایک صحتمندانہ سرگرمی ہے جس سے طلبا کا وقت ضائع نہیں ہوگا بلکہ ان کو ایک صحتمندانہ سرگرمی میں حصہ لینے کا موقع گا جبکہ کچھ طلبا کا شوق بھی ہوتا ہے کہ وہ شجرکاری کریں۔ انہوں نے کہا پودا لگانے میں زیادہ وقت بھی نہیں لگتا۔ کرامت نے مزید بتایا کہ پودوں کے لگانے کو یقینی بنانے کے لیے ہر ادارے کا متعلقہ استاد اس حوالے سے طلبا کی رہنمائی کرے گا۔

محکمہ جنگلات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ یہ ایم او یو بلین ٹری سونامی منصوبے کا ایک حصہ ہے جس میں پورے صوبے کے طلبا کو شامل کیا جائے گا۔

ٹی این این کے ساتھ بات چیت کے دوران عہدیدار نے بتایا کہ طلباء یہ پودے اپنے تعلیمی اداروں اور ایسی جگہوں پرلگانے کے پابند ہونگے جہاں وہ انکی دیکھ بھال بھی کرسکے۔ انہوں نے کہا کہ طلبا یہ پودے گھر میں نہیں لگاسکتے، اس کے لیے الگ منصوبہ شروع ہے جس میں عام لوگ پودے گھروں اور کھیتوں میں لگاسکتے ہیں۔

Back to top button