وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر استعمال کے اخراجات میں220 فیصد اضافہ
ساہیوال: پٹرول بڑھنے سے جہان ایک جانب عوام کے معاشی مسائل بڑھ رہے ہیں تو دوسری جانب سے حکمرانوں کی شاہ خرچیوں کا بوجھ بھی قومی خزانے پر بڑھتا جا رہا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب کے زیراستعمال ہیلی کاپٹر کے فیول کےاخراجات میں سال 2022 میں گزشتہ سال 2021 کی نسبت 220 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت دی رپورٹرز کی جانب سے حاصل کردہ معلومات کے مطابق سال 2022 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر نے کل 172 پروازیں اڑیں اور ان پروازوں پر صرف فیول کی مد میں 2 کروڑ 2لاکھ ساٹھ ہزار 2سو تیرہ روپے خرچ ہوئے،جبکہ سال 2021 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر نے 132 بار اُڑان بھری تھی جن پر کل 89 لاکھ 35 ہزار 989 روپے خرچ ہوئے تھے۔
مذکورہ اعداد و شمار کے مطابق سال 2022 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے ہیلی کاپٹر کے فیول کے اخراجات میں 220 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
دستاویزات کے مطابق ہیلی کاپٹر کی مرمت یا دیکھ بھال پر سال 2021 اور 2022 کے اخراجات میں ذیادہ فرق نہیں پڑا ، سال 2021 میں ہیلی کاپٹر کی مرمت یا دیکھ بھال پر 22 لاکھ 95 ہزار روپے خرچ ہوئے ہیں جبکہ سال 2022 میں مرمت پر 21 لاکھ 20 ہزار روپے خرچ کئے گئے ہیں۔
سال 2022 میں وزیراعلیٰ پنجاب کے زیراستعمال ہیلی کاپٹر کی پروازوں کا کل دورانیہ 63 گھنٹے رہا ۔
دستاویزات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر سب سے زائد بار 43 دفعہ ’وی آئی پی مشن ‘ کی تکمیل کے لئے استعمال ہوا ہے، یہ وی آئی پی مشن کیا تھا اس کی تفصیلات کو تو فراہم نہیں کی گئیں تاہم ان وی آئی پی مشن کی چند پروازوں کی تفصیلات کچھ یوں ہیں۔
وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹرگزشتہ سال 16 مئی کو وزیراعظم ہاوس اسلام آباد آتا ہے، یہاں سے یہ ہیلی کاپٹر 17 مئی کو کالا باغ کے لئے اڑان بھرتا ہے اور اسی روز کالاباغ سے مری جانے کے لئے پرواز لیا ہے، مری میں ایک رات قیام کے بعد ہیلی کاپٹر نور خان ائیربیس (راولپنڈی) آتا ہے اور یہاں سے واپس لاہور کے لئے پرواز کرتا ہے۔
چند ہی روز بعد یعنی 8 جون کو وزیراعلیٰ کا ہیلی کاپٹر ایک مرتبہ پھر اسی طرح کے ایک وی آئی پی مشن کے لئے استعمال ہوتا ہے۔ 8 جون کو وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹرایک مرتبہ پھر نور خان ائیر بیس اور پھر وزیراعظم ہاوس آتا ہے، یہاں سے یہ ہیلی کاپٹر ایک مرتبہ پھر کالا باغ کے لئے روانہ ہوتا ہے اور وہاں مختصر قیام کے بعد مری کے لئے اڑان بھرتا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر مری میں ایک رات قیام کے بعد پھر اگلے روز کالاباغ کےلئے اڑان بھرتا ہے۔
وزیراعظم ہاوس سے کالا باغ اور پھر وہاں سے مری کسی وی آئی پی مشن کی تکمیل کے لئے عوام کے پیسے پر ہیلی کاپٹر کی مخص اتفاق ہے یا کچھ اور اس حوالے سے دستاویزات بھی خاموش ہیں۔
گزشتہ سال وزیراعلیٰ پنجاب کا ہیلی کاپٹر 10 مرتبہ اس وقت کے وزیراعظم عمران خان جبکہ 3 مرتبہ صدر پاکستان عارف علوی کےلئے بھی استعمال ہوا ہے۔
یار رہے کہ مذکورہ بالا معلومات دی رپورٹرز کی ایگزیکٹو ایڈیٹر سعدیہ مظہر نے پنجاب کے معلومات تک رسائی کے قانون ’دی پنجاب ٹرانسپی رنسی اینڈ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013‘ کے تحت حاصل کی گئی ہیں۔