معلومات تک رسائی

شفاء ہسپتال و دیگر کو کس بنیاد پر سرکاری زمین فراہم کی گئی، سی ڈی اے جواب دینے سے گریزاں

شفاء انٹرنیشنل ہسپتال، فاسٹ یونیورسٹی سمیت دیگر اداروں کو سرکاری زمین کس بنیاد پر دی گئی، کیپٹیل ڈیویلپمنٹ اتھارٹی اس حوالے سے معلومات فراہم کرنے سے گریزاں ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال جولائی میں "دی رپورٹرز” کی جانب سے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت سی ڈی اے سے سرکاری و غیرسرکاری اداروں کو فراہم کی گئی سرکاری زمین کی فراہمی اور ان اداروں کے ساتھ ہونے والے معاہدوں کی کاپی طلب کی تھی، تاہم مقررہ وقت سی ڈی اے کی جانب سے معلومات تک رسائی کی درخواست کا کوئی جواب نہیں دیا گیا۔

معلومات تک رسائی کی درخواست پر سی ڈی اے کی جانب سے خاموشی کے خلاف ” دی رپورٹرز” نے پاکستان انفارمیشن کمیشن کو اپیل دائر کی اور کمیشن سے معلومات کے حصول کےلئے معاونت طلب کی۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن میں مذکورہ اپیل کی متعدد سماعتیں مقرر ہوئی اور ہر سماعت میں سی ڈی اے کی جانب سے معلومات کی فراہمی کے لئے وقت مانگا گیا۔ متعدد مواقع فراہم کرنے کے باوجود سی ڈی اے کی جانب سے معلومات فراہم نہیں کی گئیں ۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے جمعے کے روز مذکورہ اپیل پر تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے طلب کی گئی معلومات کو پبلک ریکارڈ قرار دیا۔

 

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے اپنے فیصلے میں سی ڈی اے کے غیرسنجیدہ رویئے پر بھی تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سماعت کے دوران معلومات کی فراہمی کے لئے وقت مانگنے کے باوجود سی ڈی اے کی جانب سے معلومات فراہم نہیں کیں۔ جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ادارہ جان بوجھ کر معلومات تک رسائی میں رکاوٹ ڈال رہا ہے۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے فیصلے میں سی ڈی اے کو طلب کی گئی معلومات سات یوم کے اندر درخواست کنندہ کو فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے معلومات تک رسائی میں جان بوجھ کر رکاوٹ ڈالنے پر وزارت ریلوے کے نامزد آفیسر ، ڈائریکٹر ایڈمن پر جرمانہ عائد کیا ہے۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن نے سیکرٹری ریلوے کو حکم جاری کیا ہے کہ ڈائریکٹر ایڈمن کی مئی کی تنخواہ سے دس یوم کی تنخواہ کاٹ کر رپورٹ انفارمیشن کمیشن کو جمع کرائی جائے۔

Back to top button