وفاقی دارلحکومت میں غیرت کے نام پر نوجوان جوڑا قتل
مقتولین کا تعلق کوہستان سے تھا، کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی
اسلام آباد: وفاقی دارلحکومت میں پسند کی شادی کرنے والے جوڑے کا نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کردیا ۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب ساڑھے تین بجے محمد شعیب نامی شخص نے تھانہ سنگجانی کو اطلاع دی کہ ڈھوک کشمیریاں میں نامعلوم افراد نے گولیاں مار کردو افراد کو قتل کردیا ہے۔
تھانہ سنگجانی میں درج ایف آئی آر کے مطابق پولیس جب موقع پر پہنچی تو کالر محمد شعیب 2 نعشوں کے ہمراہ موجود تھا۔
کالر محمد شعیب نے پولیس کو بتایا کہ وہ مالک مکان ہے اور عثمان نامی شخص نے کمراہ کرائے اپنے ملازم مقتول نثار اور اسکی بیوی کےلئے 3 ہزار روپے ماہوار کرائے پر لیا ہوا تھا جو مقتولین گزشتہ دو ہفتوں سے یہاں مقیم تھے۔
رات ساڑھے تین بجے فائرنگ کی آواز سن کر باہر آیا تو دیکھا کہ دونوں کی نعشیں پڑی ہیں جن کو کسی نامعلوم نے گولیاں مار کرقتل کردیا ہے۔
اطلاعات کے مطابق مقتولین کا تعلق کوہستان سے تھا اور کچھ عرصہ قبل پسند کی شادی کی تھی، مقتول لڑکی کراچی میں مقیم تھی جہاں سے مقتول نثار بھگا کر لایا اور شادی کرلی تھی۔
پولیس نے لاشیں پوسٹمارٹم کے بعد ورثا کے حوالے کردیں ، پولیس حکام کے مطابق یہ غیرت کے نام پر قتل ہی ہے ، مزید تفتیش کررہے ہیں کہ کس نے مارا ہے ۔
پنجاب پولیس کی ویب سائٹ پر موجود معلومات کے مطابق سال 2011 سے 2020 تک پنجاب میں 2ہزار 957 افراد کو غیرت کے نام پر قتل کیا گیا۔