معلومات تک رسائی

انفارمیشن کمیشن کی شیخ زید ہسپتال کو متوفی کا مکمل میڈیکل ریکارڈ اہل خانہ کو فراہم کرنے کی ہدایت

لاہور:الیکشن کمیشن نے شہری سید ماجد علی شاہ کے حق میں فیصلہ سناتے ہوئے شیخ زید ہسپتال لاہور کو ان کے مرحوم بھائی سید سجاد علی شاہ کا مکمل میڈیکل ریکارڈ جاری کرنے کی ہدایت کردی۔

درخواست گزار سید ماجد علی شاہ نے اپنے مرحوم بھائی کی مکمل میڈیکل فائل تک رسائی کی درخواست کی تھی جو 13 اپریل 2024 کو شیخ زید اسپتال میں داخل ہوئے تھے اور 16 اپریل 2024 کو انتقال کرگئے تھے۔ مریض کے علاج اور تشخیص کی سمری موصول ہونے کے باوجود، شہری ماجد شاہ نے اپنے بھائی کے علاج اور موت کے ارد گرد کے حالات کو بہتر طور پر سمجھنے کے لئے ڈاکٹروں کے نوٹ اور موت کی وجہ کے بارے میں تفصیلات سمیت مکمل فائل کی درخواست کی۔

سماعت کے دوران شیخ زید ہسپتال کے لاء آفیسر طاہر یاسین قریشی نے تحریری جواب پیش کرتے ہوئے کہا کہ ادارے نے مریض کے علاج کی سمری پہلے ہی فراہم کر دی ہے۔ تاہم درخواست گزار اس جزوی معلومات  سے مطمئن نہیں تھا اور اس نے پوری فائل حاصل کرنے پر اصرار کیا۔

کمیشن نے اپیل اور تحریری جواب کا جائزہ لینے کے بعد فیصلہ کیا کہ شہری کی جانب سے مانگی گئی معلومات کو استثنی حاصل نہیں ہے۔ درخواست گزار نے  متوفی کے ساتھ اپنے رشتے کی تصدیق  کے لئے اپنی درخواست کے ساتھ اپنے شناختی کارڈ کی کاپی بھی لف کی ۔کمیشن نے اپنے فیصلے میں لکھا کہ متوفی کے اہل خانہ کو مریض کے علاج معالجے کی مکمل تفصیلات اور موت کی وجوہات کے جاننے کا حق رکھتے ہیں اور انہیں اس حق سے محروم نہیں کیا جاسکتا ہے۔

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے شیخ زید ہسپتال کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کو ہدایت کی ہے کہ وہ 10 دن کے اندر کمیشن اور اپیل کنندہ دونوں کو مکمل علاج کی فائل اور موت کی وجہ کی مصدقہ کاپی فراہم کریں۔

Back to top button