بلوچستان انفارمیشن کمیشن کی تشکیل کے لئے کمیٹی قائم
کوئٹہ (انتخاب نیوز) بلوچستان حکومت کی جانب سے رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت انفارمیشن کمشنر کی تعیناتی کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جبکہ کمیشن کے رولز صوبائی کابینہ کو ارسال کر دئیے گئے۔
چیف سیکرٹری بلوچستان عبدالعزیز عقیلی کے مطابق بلوچستان میں بہت جلد انفارمیشن کمیشن بنایا جا رہا ہے جس کے رولز کابینہ کی کمیٹی کو بھجوا دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ بہترین کمشنر لگانے کے لئے ایک کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے جس کی سربراہی چیف سیکرٹری بلوچستان کریں گے جبکہ کمیٹی میں سیکرٹری ایس اینڈ جی اے ڈی،سیکرٹری اطلاعات، سیکرٹری قانون، سیکرٹری خزانہ شامل ہونگے۔
عبدالعزیز عقیلی کے مطابق کچھ ہفتوں میں رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت کمیشن بنا دیا جائے گا تاکہ عوام کو ہر قسم کی انفارمیشن تک رسائی ہو۔
واضح رہے کہ بلوچستان اسمبلی کی جانب سے بلوچستان رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2021یکم فروری 2021کو منظور کیا گیا تھا جبکہ گورنر بلوچستان کی جانب سے15فروری کو ایکٹ کی توثیق کی گئی تھی تاہم انفارمیشن کمیشن کی عدم تشکیل کی وجہ سے ایکٹ پر عملدآمد تعطل کا شکار تھا۔