خبریں

پی ڈی ایم کے قافلے سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دینے کیلئے اسلام آباد روانہ

اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور ان کی اتحادی جماعتوں کے کارکنوں پر مشتمل قافلے مختلف شہروں سے وفاقی دارالحکومت کے لیے روانہ ہوگئے۔

 

مظاہرین سپریم کورٹ کی جانب سے سابق وزیراعظم عمران خان کو متعدد مقدمات میں ضمانت دینے کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ کے باہر دھرنا دیں گے۔

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کا قافلہ جلد ہی لاہور سے اسلام آباد کے لیے روانہ ہوگا، پارٹی کی سیکریٹری اطلاعات فائزہ ملک نے تصدیق کی ہے کہ قافلہ آج سہ پہر 3 بجے لاہور میں پیپلز پارٹی کے ماڈل ٹاؤن سیکریٹریٹ سے روانہ ہوگا۔ پیپلز پارٹی سپریم کورٹ کے باہر پی ڈی ایم کے ساتھ اظہار یکجہتی کرے گی۔

جمعیت علمائے اسلام (ف) کے علامہ راشد محمود سومرو کراچی سے قافلے کی قیادت کر رہے ہیں جو کل صبح مختلف شہروں سے گزرتے ہوئے اسلام آباد میں داخل ہوگا۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان نے تصدیق کی ہے کہ سپریم کورٹ کے باہر دھرنے میں شرکت کے لیے سندھ سے پارٹی کارکنوں کے قافلے اسلام آباد کے لئے روانہ ہو گئے ہیں۔ اجتماع کا مرکزی مقام روہڑی انٹرچینج پر مقرر کیا گیا ہے جہاں کراچی اور حیدر آباد سمیت سندھ بھر سے قافلے جمع ہوں گے اور ایک ساتھ اسلام آباد کے لیے روانہ ہوں گے۔

روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علامہ سومرو نے دعویٰ کیا کہ دھرنے میں سندھ سے ایک لاکھ افراد شریک ہوں گے اور وہ مولانا فضل الرحمان کے حکم پر اسلام آباد جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: پاک فوج کے سربراہ کا توڑ پھوڑ کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا عزم

 

ہفتے کے روز جے یو آئی (ف) نے چیف جسٹس آف پاکستان کے استعفے تک پی ڈی ایم کے تحت سپریم کورٹ کے باہر دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔

جے یو آئی (ف) کے ترجمان کے مطابق کوئٹہ اور کراچی سے جے یو آئی (ف) کے کارکنوں کے قافلے کل روانہ ہوں گے جبکہ خیبر پختونخوا اور پنجاب کے جنوبی اضلاع سے قافلے پیر کو اپنے اڈوں سے روانہ ہوں گے۔

 

 

Back to top button