خبریں

کراچی میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی گئی

کراچی: سندھ کی وزیر صحت عذرا افضل نے صوبے میں کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کی تصدیق کردی جہاں کراچی میں وائرس سے متاثر شخص انتقال کرگیا۔

آج پنجاب میں کورونا وائرس کے مزید 2 کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد صوبے بھر میں مریضوں کی تعداد 80 ہوگئی جب کہ پاکستان میں مجموعی تعداد 451 تک جاپہنچی ہے۔

کورونا وائرس پاکستان سمیت دنیا کے 170 سے زائد ملکوں تک پھیل چکا ہے اور اب تک10 ہزار سے زائد لوگ اس سے ہلاک ہو چکے ہیں۔

پاکستان میں اب تک کورونا وائرس سے 3 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں سے 2 کا تعلق خیبرپختونخوا کے شہروں پشاور اور مردان سے جب کہ ایک کا سندھ کے شہر کراچی سے ہے۔

صوبہ سندھ میں جمعرات کو مزید 37، پنجاب میں 45، بلوچستان میں 58، خیبر پختونخوا میں 4 اور گلگت میں 8 نئے کیسز سامنے آئے تھے۔

پنجاب

محکمہ صحت پنجاب کے مطابق صوبے میں  467 مریضوں کے کورونا ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 357 افراد میں کورونا کی تشخیص نہیں ہوئی جب کہ 80 افراد میں کورونا ٹیسٹ مثبت آیا اور 30 مریضوں کی رپورٹس کے نتائج آنا باقی ہیں۔

راولپنڈی میں بھی پہلے کیس کی تصدیق

محکمہ صحت پنجاب نے بتایا کہ لاہور میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 15 ہے جب کہ راولپنڈی میں بھی کورونا کا پہلا کیس سامنے آگیا ہے۔

سندھ

سندھ حکومت کے مطابق اس وقت صوبے میں کورونا وائرس کے کُل مریضوں کی تعداد 238 ہے۔

سندھ حکومت کے حکام کا بتانا ہےکہ سکھر میں اب تک مجموعی طور پر 302 زائرین کے ٹیسٹ کیے گئے جن میں سے 151 کا نتیجہ مثبت اور 151 کا منفی آیا جب کہ ایک کیس کو دوبارہ ٹیسٹ کیا جارہا ہے۔

سندھ حکومت کے مطابق اس کے علاوہ 87 افراد کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے اور 3 صحت یاب ہوچکے ہیں جب کہ 84 مریض زیر علاج ہیں۔

کراچی میں 77 سالہ شہری کی وائرس سے ہلاکت ہوئی

کراچی کے نجی اسپتال میں زیر علاج کورونا وائرس کا 77 سالہ مریض گزشتہ رات انتقال کرگیا جس کے بعد سندھ میں کورونا وائرس سے یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

صوبائی وزیر صحت عذرا افضل نے بتایا کہ متاثرہ شخص کینسر کا مریض تھا جب کہ اسے شوگر اور بلڈپریشر کا عارضہ  بھی لاحق تھا جس سے اس کی صحت پہلے ہی بہت خراب تھی۔

Back to top button