معلومات تک رسائی

پاکستان انفارمیشن کمیشن کا قومی اسمبلی کو قائمہ کمیٹیوں کے اجلاسوں کے اخراجات اور الاؤنسز کی تفصیلات فراہم کرنے کا حکم

پاکستان انفارمیشن کمیشن  نے صحافی سعدیہ مظہر کی جانب سے دائر کردہ اپیل پر قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں اور ان کی ذیلی کمیٹیوں کے اراکین اور چیئرمینوں کے اجلاسوں کے اخراجات، سفری الاؤنسز، مراعات اور دیگر مالی سہولیات کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

28 اکتوبر 2026 کو جاری کیے گئے تحریری حکم نامے میں کمیشن نے سیکریٹری قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو ہدایت کی ہے کہ صحافی کی جانب سے رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 کے تحت اٹھائے گئے 13 زیرِ التوا سوالات کے واضح اور مخصوص جوابات 10 روز کے اندر فراہم کیے جائیں۔

یہ ہدایات اپیل نمبر 5796-07/2026، سعدیہ مظہر بنام قومی اسمبلی پاکستان پر جاری کی گئیں۔ صحافی نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ اپیل کی کارروائی کے دوران متعدد بار خط و کتابت کے باوجود قومی اسمبلی سیکریٹریٹ مطلوبہ معلومات فراہم کرنے میں ناکام رہا۔

صحافی کی جانب سے پارلیمانی کمیٹیوں کے اخراجات کی تفصیلات طلب

کیس کے ریکارڈ کے مطابق سعدیہ مظہر نے 21 جون 2026 کو قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کو معلومات کی درخواست جمع کرائی تھی، جس میں قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹیوں اور ان کی ذیلی کمیٹیوں کی کارکردگی اور مالی اخراجات سے متعلق جامع تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔

درخواست میں جنوری 2025 سے لے کر درخواست جمع کرانے کی تاریخ تک کی معلومات مانگی گئی تھیں، جن میں قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کی مکمل فہرست، منعقد ہونے والے اجلاسوں کی مجموعی تعداد اور ان اجلاسوں پر آنے والے مجموعی اخراجات شامل تھے۔

صحافی نے کمیٹیوں کے اراکین اور چیئرمینوں کو ادا کیے جانے والے سفری الاؤنسز کی تفصیلات بھی طلب کی تھیں، جبکہ انہیں حاصل مراعات، خصوصی سہولیات اور دیگر مالی فوائد کی تفصیلات بھی مانگی گئی تھیں۔

درخواست میں یہ بھی پوچھا گیا تھا کہ قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کے اراکین کو سفری الاؤنسز کے علاوہ دیگر مدات میں مجموعی طور پر کتنی رقم ادا کی گئی، تاکہ پارلیمانی کمیٹیوں کی سرگرمیوں پر خرچ ہونے والے عوامی وسائل کی واضح تصویر سامنے آسکے۔

قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے تسلی بخش جواب نہ ملنے پر سعدیہ مظہر نے 5 جولائی 2026 کو ای میل کے ذریعے پاکستان انفارمیشن کمیشن میں اپیل دائر کردی۔

 کمیشن نے فراہم کردہ معلومات کو ناکافی قرار دے دیا

کمیشن کے حکم نامے کے مطابق اپیل موصول ہونے کے بعد کارروائی شروع کی گئی اور قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے اپنا جواب جمع کرایا، جو درخواست گزار کو بھی فراہم کیا گیا۔

تاہم صحافی نے اس جواب کو چیلنج کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا کہ فراہم کردہ معلومات ان کے سوالات کا مکمل جواب نہیں دیتیں۔

اس کے بعد قومی اسمبلی سیکریٹریٹ نے صحافی کے جواب الجواب پر مزید مؤقف جمع کرایا، تاہم سعدیہ مظہر نے دوبارہ واضح کیا کہ قائمہ کمیٹیوں کی فہرست سے متعلق پہلے سوال کے علاوہ باقی 13 سوالات کے جوابات فراہم نہیں کیے گئے۔

سماعت کے دوران قومی اسمبلی پاکستان کی جانب سے لٹیگیشن آفیسر سحرش مشتاق پیش ہوئیں۔

کمیشن نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے جوابات، جواب الجواب اور قومی اسمبلی کی سرکاری ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کا جائزہ لینے کے بعد تسلیم کیا کہ سیکریٹریٹ نے متعلقہ معلومات کی ایک بڑی تعداد اپنی ویب سائٹ پر اپ لوڈ کر رکھی ہے۔

تاہم کمیشن نے قرار دیا کہ عوامی سطح پر دستیاب یہ مواد صحافی کی جانب سے طلب کردہ مخصوص معلومات کی ضروریات پوری نہیں کرتا۔

تحریری حکم نامے میں کمیشن نے واضح کیا

"فراہم کردہ معلومات، معلومات کی درخواست میں بیان کردہ مخصوص تقاضوں پر پورا نہیں اترتیں۔”

کمیشن نے مزید کہا کہ اس نے قومی اسمبلی کی ویب سائٹ پر دستیاب معلومات کی خود بھی تصدیق کی ہے، تاہم تنازع برقرار رہنے کی بنیادی وجہ یہ ہے کہ درخواست گزار نے جس فارمیٹ اور تفصیل میں معلومات طلب کی تھیں، سیکریٹریٹ کی جانب سے شائع کردہ مواد اس سے مطابقت نہیں رکھتا۔

قومی اسمبلی سیکریٹری کو 10 روز میں جواب دینے کی ہدایت

پاکستان انفارمیشن کمیشن نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے پارلیمانی معلومات اپنی ویب سائٹ پر شائع کرنے کے عمل کو سراہتے ہوئے زور دیا کہ قانون کے تحت عوامی معلومات کی فراہمی میں شہریوں کی جانب سے طلب کردہ مخصوص تفصیلات کو بھی مدنظر رکھنا ضروری ہے۔

کمیشن نے قرار دیا کہ رائٹ آف ایکسس ٹو انفارمیشن ایکٹ 2017 کی دفعہ 11(3) کے تحت درخواست گزاروں کے لیے ضروری ہے کہ وہ واضح اور مخصوص سوالات اٹھائیں، جبکہ متعلقہ سرکاری ادارے پر لازم ہے کہ وہ قانون کی روح اور ایکٹ کی دفعہ 3(2) کے مطابق معروضی جوابات فراہم کرے۔

کمیشن نے یہ بھی واضح کیا کہ معلومات تک رسائی کا قانون شہریوں کو مرکزیت دیتا ہے اور اپیلوں کو قانون میں مقررہ مدت سے آگے غیر ضروری طور پر طول نہیں دیا جا سکتا۔

چنانچہ کمیشن نے قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کے سیکریٹری کو ہدایت کی کہ سعدیہ مظہر کی اصل درخواست کے سوال نمبر 2 سے 14 تک کے واضح اور مخصوص جوابات 10 روز کے اندر فراہم کیے جائیں۔

زیرِ التوا سوالات کا تعلق بنیادی طور پر پارلیمانی قائمہ کمیٹیوں اور ذیلی کمیٹیوں کے اجلاسوں، ان پر ہونے والے اخراجات، سفری الاؤنسز، معاوضوں اور کمیٹیوں کے اراکین و چیئرمینوں کو فراہم کی جانے والی دیگر مالی مراعات سے ہے۔

کمیشن نے اپیل نمٹاتے ہوئے اپنے احکامات پر عمل درآمد کا جائزہ لینے کے لیے 19 نومبر 2026 کو عمل درآمد کی کارروائی مقرر کردی۔

Back to top button