انسانی حقوقحالات حاضرہ

اسلام آباد، خاتون کو ہراساں کرنے والا بینک منیجر گرفتار

وفاقی دارلحکومت میں نجی بینک کے منیجر کی جانب سے خاتون کو سرعام ہراساں کئے جانے کا شرمناک واقعہ سامنے آیا ہے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ نجی بینک کا منیجر خاتون ملازمہ کو حراساں کرتا ہے۔ اب تک کی معلومات کے مطابق شرمناک حرکت کرنے والے شخص کی شناخت عثمان گوہر کے نام سے ہوئی ہے جو فیصل بینک کی ایف ٹین برانچ کا منیجر ہے۔

واقعہ کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد ٹوئیٹر پر شہریوں کی جانب سے شدید ردعمل سامنے آیا ہے اور انہوں نے اسلام آباد کی انتظامیہ اور فیصل بینک سے مذکورہ افسر کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر اسلام آباد حمزہ شفقت نے ٹوئیٹر پر عوام سے واقعہ کی ویڈیو ڈیلیٹ کرنے کی اپیل کی ہے۔ ڈپٹی کمشنر کی ٹوئیٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سینئر صحافی ارشد شریف نے لکھا کہ کیا ویڈیو کسی بااثر شخص سے متعلقہ ہے؟ ڈپٹی کمشنر ہراسگی کرنے والے شخص کو بچانے میں دلچسپی کیوں لے رہے ہیں؟ اگر یہ آپ کی بہن ہوتی تو؟

ڈپٹی کمشنر نے واقعہ پر ہونے والی پیش رفت کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے لکھا کہ ملزم عثمان گوہر کو بینک کی جانب سے نوکری سے نکال دیا گیا ہے، نیز وہ اسٹیٹ بینک اور پاکستان کے قوائد کے مطابق اب کسی بھی بینک میں ملازمت کےلئے اہل نہیں ہونگے۔

ملزم کی گرفتاری کےلئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔ انہوں نے شہریوں سے خاتون کی شناخت کو محفوظ رکھنے کی اپیل کی ہے۔

ڈی آئی جی اسلام آباد پولیس نے ٹوئیٹر پر ملزم عثمان گوہر کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا ہے اور ٹویٹ کے ساتھ ملزم کی تصویر بھی شیئر کی ہے۔

گرفتاری کی خبر ملنے کے بعد ارشد شریف نے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کی کارکردگی کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے اس واقعہ کے حوالے سے کی گئی اپنی گزشتہ ٹویٹرز ڈیلیٹ کردیں۔

Back to top button