حالات حاضرہ

وزیرداخلہ کا منتازعہ بیان، اے این پی کا اسلام آباد کی جانب مارچ کا اعلان

عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری و رکن صوبائی اسمبلی سردار حسین بابک نے کہا ہے کہ 11 نومبر کو سرخ سیلاب اسلام آباد کا رخ کرے گا، باچا خان اور ولی خان کے پیروکاراپنے شہداء پر فخر کرتے ہیں، اس مٹی کے شہیدوں نے ملک و قوم کی خاطر اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، ملک و قوم کی خاطر اپنی جانیں دینے والے ہمارے قومی ہیروز ہیں، ان کے احترام میں کمی لانے والے اور ان کی شہادت کا مذاق اڑانے والوں کو عبرتناک سبق سکھائیں گے۔

باچاخان مرکز پشاور سے جاری بیان میں اے این پی کے صوبائی جنرل سیکرٹری کا کہنا تھا کہ اقتدار کے پچاری اور سدا بہار لوٹے شہیدوں کے احترام سے لاعلم ہیں۔ اسٹیبلشمنٹ کے پالے ہوئے سرکاری لوٹے اپنی زبان کو لگام دیں ورنہ بابا کے پیروکار ان کو دن میں تارے دکھا دیں گے۔ اے این پی پختونوں کی نمائندہ جماعت ہے اور قربانیوں کی ایک طویل تاریخ رکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 11 نومبر کو پختونوں کے قابل احترام ہزاروں کی تعداد میں لواحقین اپنے شہداء کی تصاویر سینوں پر سجا کر اسلام آباد کا رخ کریں گے، پختونوں نے ہمیشہ ملک و قوم کے ساتھ وفاداری کا عملی مظاہرہ کیا ہے لیکن بدقسمتی سے اس ملک میں پختونوں کی قربانیوں اور وفاداری کو شک کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس ملک میں پختونوں جیسے محب وطن اور قربانی دینے والی اور کوئی قوم نہیں ہو سکتی لیکن اس کے باوجود ایک طرف ان کو آئینی حقوق سے مسلسل محروم رکھا جارہا ہے تو دوسری جانب پچھلے 45 سال سے جنگوں اور تشدد کی ایندھن بنتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر پختون کو خصوصی شہری کا درجہ دینا چاہیئے کیونکہ پختونوں نے اس ملک میں امن کی خاطر اپنی جان و مال کو قربان کردیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے وزراء کو تربیت دینی چاہیئے، ریاست کو حکومتی وزیر کے اس انتہائی نامناسب بیان پر وضاحت دینی چاہیئے اور سارے پختون اس کے منتظر ہیں۔ اے این پی پختونوں کے حقوق اور بقا کی جنگ ہر فورم اور ہر قیمت پر لڑتی رہے گی۔

Back to top button