ہراسانی کے الزامات پر سندھ انسانی حقوق کمیشن کا چیئرمین برطرف

کراچی میں سندھ کمیشن برائے انسانی حقوق کے چیئرمین محمد اقبال ڈیتھو کو خواتین کے ساتھ ہراسانی کے الزامات کے بعد عہدے سے ہٹا دیا گیا ہے، اور کمیشن کے امور کو سندھ محکمہ برائے انسانی حقوق کے حوالے کر دیا گیا ہے۔
سندھ محکمہ برائے انسانی حقوق نے ہیومن رائٹس ایکٹ 2013 کے تحت نوٹیفیکیشن جاری کرتے ہوئے ان کی برطرفی کی تصدیق کی۔ یہ فیصلہ سندھ کابینہ کی منظوری کے بعد لیا گیا۔
سندھ کابینہ کی جانب سے بنائی گئی ذیلی کمیٹی نے محمد اقبال ڈیتھو کے خلاف لگائے گئے الزامات کی انکوائری کی۔ ذیلی کمیٹی کی سفارشات کی بنیاد پر انہیں چیئرمین کے عہدے سے برطرف کیا گیا۔
یاد رہے کہ محمد اقبال ڈیتھو کی تقرری بھی سندھ کابینہ کی منظوری سے ہوئی تھی۔ ان کی برطرفی کے بعد سندھ کمیشن برائے انسانی حقوق کے انتظامی اور عملی امور اب سندھ محکمہ برائے انسانی حقوق کے ذمے منتقل کر دیے گئے ہیں۔