معلومات تک رسائی

مردان بیوٹی فکیشن پروجیکٹ، پیسے کہاں خرچ ہوئے؟

مردان بیوٹی فکیشن پروجیکٹ پر کتنے پیسے خرچ ہوئے، ڈپٹی کمشنر منصوبے کے تحت خرچ ہونے والی رقم کی تفصیلات دینے سے گریزاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت شہری نے ڈپٹی کمشنر مردان سے 3جون 2020ء کو مردان بیوٹی فکیشن پروجیکٹ پر آنے والی لاگت، اس پروجیکٹ کے تحت ہونے والے ترقیاتی منصوبوں /کاموں کی تفصیل اور ہر منصوبے پر ہونے خرچ ہونے والی رقم کے حوالے سے تفصیلات طلب کی گئی تھیں۔

مقررہ مدت میں جواب موصول نہ ہونے پر شہری نے خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کے پاس شکایت درج کرائی، انفارمیشن کمیشن کی جانب سے متعدد نوٹسز جاری کرنے کے بعد ڈپٹی کمشنر دفتر کی جانب سے نامکمل معلومات فراہم کی گئیں۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق مردان بیوٹی فکیشن پروجیکٹ میں کل 36سکیمیں (منصوبے) تھے جن میں سے 30منصوبوں پر کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ باقی چھ منصوبوں پر کام جاری ہے، فراہم کردہ دستاوز کے مطابق 1031 ملین روپے مختص کئے گئے ہیں جن میں 890ملین روپے جاری ہوچکے ہیں، نامکمل معلومات پر شہری نے انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا جس پر کمیشن نے 5اکتوبر کو ایک اور نوٹس جاری کرتے ہوئے مکمل معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔

واضح رہے کہ خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن ایکٹ 2013ء کے تحت کسی بھی سرکاری محکمے نے شہریوں کی جانب سے درخواست موصول ہونے پر14روز میں معلومات فراہم کرنا ہوتی ہیں لیکن مردان بیوٹی فکیشن پروجیکٹ کے حوالے سے معلومات کے حصول کیلئے مذکورہ درخواست گزشتہ تین ماہ سے زیرالتواء ہے۔

Back to top button