پاکستان میں دو عیدوں کی روایت برقرار
پاکستان میں ہر سال کی طرح اس سال بھی دو عیدوں کی روایت برقرار رہی اور وزیرستان کے مختلف علاقوں میں عیدالفطر منائی جارہی ہے۔
گزشتہ شب شمالی وزیرستان کے علماء پر مشتمل غیرسرکاری رویت حلال کمیٹی نے 20 سے زائد افراد کی جانب سے عید کا چاند نظر آنے کی شہادت کے بعد عید منانے کا اعلان کیا تھا۔
وزیرستان سے رکن اسمبلی محسن داوڑ نے اپنے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ’مرکزی رویت ہلال کمیٹی وزیرستان‘ کے فیصلے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ منگل کی شام شمالی وزیرستان کے علاقے حیدر خیل میں کم از کم 20 افراد نے ماہ شوال کا چاند دیکھا۔
انہوں نے اپنی ٹویٹ کے ساتھ چاند نظر آنے والے افراد کی فہرست بھی شیئر کی ہے۔
Eid moon sighted by about 20 people in Haider Khel,North Waziristan. As we celebrate Eid tomorrow, our thoughts and prayers will be with the families of missing persons, of those who’ve been killed extra judicially and by terrorists and we will be praying for peace in the region.
— Mohsin Dawar (@mjdawar) May 11, 2021
میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی وزیرستان میں عید کا اعلان کرنے والے علماء کرام کے خلاف تھانہ میران شاہ اور تھانہ میر علی میں دو الگ الگ مقدمات درج کرلئے گئے ہیں۔
یہ مقدمات احترام رمضان آرڈر، لاؤڈ سپیکر ایکٹ کی دفعہ 511 اور مینٹیننس آف پبلک آرڈر کی دفعہ 148 ,149 کے تحت درج کیے گئے ہیں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں یکم رمضان یعنی پہلا روزہ 14 مئی کو تھا یوں آج (بروز بدھ) ملک میں 28واں رمضان ہے۔
دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات کو نشریات فواد چوہدری اور محکمہ موسمیات نے 12 مئی کو بھی چاند نظر آنے کے امکانات کو رد کرتے ہوئے کہا ہے کہ عید الفطر 14 مئی بروز جمعہ منائی جائے گی۔ انہوں نے اپنی ٹویٹ میں وضاحت کی ہے کہ اس حوالے سے حتمی اعلان مرکزی رویت حلال کمیٹی کرے گی۔