خبریںمعلومات تک رسائی

نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کی درخواستوں کے ساتھ جمع کی گئی رقم کہاں گئی؟

اسلام آباد: نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کی درخواستوں کے ساتھ جمع کئے گئے 50 کروڑ روپے سے زائد کی رقم کہاں خرچ کی گئی، نادرا اور نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی دونوں ہی معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت جمع ہونی والی رقم اور اخراجات کی تفصیلات دینے ہیں گریزاں ہیں۔

تفصیلات کے مطابق اسلام آباد کے رہائشی تیمور خان نے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے مذکورہ سکیم کے لئے جمع ہونے والی درخواستوں کی کل تعداد، اس مد میں جمع ہونے والی رقم کے استعمال اور درخواستوں کی بنیاد پر بننے والی جائزہ رپورٹس سے متعلق تفصیلات طلب کیں۔

شہری تیمور خان نے "دی رپورٹرز” کو بتایا کہ نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی نے ابتدائی طور پر جواب دینے سے انکار کرتے ہوئے کہا کہ درخواستیں نادرا کی جانب سے جمع کی گئیں تھی لہذا تمام تفصیلات نادرا سے ہی حاصل کی جائیں۔

تاہم بعدازاں پاکستان انفارمیشن کمیشن کی مداخلت پر نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی نے اپنا جواب جمع کرادیا تھا۔

نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کی جانب سے فراہم کردہ معلومات کے مطابق نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے لئے کل 20 لاکھ تین ہزار 940 درخواستیں موصول ہوئیں اور ہر درخواست کے ساتھ 250 روپے وصول کئے گئے۔

یوں نادرا نے درخواستیں جمع کرنے کی مد میں شہریوں سے کل 50 کروڑ 9 لاکھ 85 ہزار روپے جمع کئے۔

 درخواست گزار تیمور خان نے "دی رپورٹرز” کو بتایا کہ مذکورہ اپیل پر پاکستان انفارمیشن کمیشن میں ہونے والی سماعت کے دوران نیا پاکستان ہاوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندے نے بتایا کہ جمع کی گئی درخواستوں کی بنیاد پر ابھی تک کوئی رپورٹ مرتب نہیں کی گئی۔

درخواستوں کے ساتھ جمع ہونے والی رقم کے حوالے انہوں نے کمیشن کو بتایا کہ پیسے نادرا نے جمع کئے تھے اور اس کا جواب نادرا ہی دے سکتی ہے کہ پیسے کس مد میں خرچ ہوئے تاہم ممکن ہے کہ پیسے نادرا نے درخواستیں جمع کرنے کےلئے سروس فیس کی مد میں لئے ہوں۔

فراہم کردہ معلومات کے مطابق نیا پاکستان ہاوسنگ سکیم کے لئے کل 20 لاکھ تین ہزار 940 درخواستیں موصول ہوئیں۔ جن میں 17 لاکھ 99 ہزار 533 درخواستوں کو اہل قرار دیا گیا ہے۔

اہل امیدواروں میں 13 لاکھ 98 ہزار 334 مرد، 4 لاکھ خواتین اور 23 خواجہ سراء شامل ہیں۔

Back to top button