معلومات تک رسائی

خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کی جانب سے سرکاری افسران کی تربیتی ورکشاپ کا انعقاد

چیف کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن خیبر پختونخوا ساجد خان جدون کی زیر صدارت جمعرات کے روز ڈی سی کانفرنس روم میں خیبر پختونخوا رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ 2013 سے متعلق آگاہی اور اس قانون کے نتیجے میں عوام کو سرکاری محکموں سے متعلق درکار معلومات کی فراہمی کے حوالے سے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ کا اہتمام کیا گیا جس میں کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن خیبر پختونخوا کمشنر ریاض خان داؤد زئی،ڈپٹی کمشنرسوات ثاقب رضا اسلم اور ضلع سوات کے تمام محکموں کے افسران و اہلکاروں نے شرکت کی۔

تربیتی ورکشاپ میں پی آئی اوز کو مذکورہ قانون کی افادیت اور اس کے تحت عام شہریوں کو پبلک باڈیز سے متعلق درکار معلومات کی حصول،شہریوں کی گزارشات اور مقررہ مدت میں درکار معلومات کی فراہمی کے حوالے سے تمام مراحل کے بارے میں تفصیلی رہنمائی فراہم کی گئی۔

تربیتی سیشن سے چیف کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن ساجد خان جدون کا کہنا تھاکہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے نفاذ سے اب تمام پبلک باڈیز میں شہریوں سے متعلق کسی بھی انفارمیشن کو چھپایا نہیں جاسکتا انہوں نے کہا کہ پبلک کے زمرے میں وہ تمام ادارے یامحکمے آتے ہیں جو پبلک فنڈ استعمال کرتے ہیں اور ان کے پاس تمام معلومات پبلک ریکارڈ ہے انہوں نے پی آئی اوز پر زور دیا کہ وہ اپنے محکمہ جات میں اس ایکٹ کے ذریعے شہریوں کو درکار معلومات وقت پر فراہم کیا کریں جس سے نہ صرف سرکاری ادارے مضبوط ہوں گے بلکہ گڈ گورننس،شفافیت،عوام کو اداروں کی جوابدہی میں مزید بہتری آئے گی انہوں نے کہا کہ آر ٹی آئی ایکٹ کے تحت شہریوں کی درخواستوں پر عملدرآمد تمام پبلک باڈیز کی ذمہ داری ہے اور اس ضمن میں کسی بھی طرح کی لیت ولعل کے نتیجے میں ایکٹ کے تحت ذمہ دار وں کیخلاف قانونی کارروائی اور جرمانہ عائد کیا جاسکتا ہے

انہوں نے کہا کہ اس ایکٹ کے بنیادی مقاصد میں کرپشن کا خاتمہ،طرز حکمرانی کی بہتری،سرکاری حکام اور اہلکاروں کو جوابدہ بنانا،شہریوں اور ریاست کے مابین اعتماد سازی پیدا کر نا،شہریوں کو باوقار بنانااور گورننس کے عمل میں شہریوں کے اشتراک کو یقینی بنانا جیسے عوامل شامل ہیں ایک روزہ تربیتی ورکشاپ سے کمشنر آر ٹی آئی ریاض خان داؤدزئی نے ایکٹ کے اغراض و مقاصد پر تفصیلی روشنی ڈالی اس موقع پر چیف کمشنر رائٹ ٹو انفارمیشن کمیشن ساجد خان جدون نے تربیتی ورکشاپ کے بہترین انتظامات پر ڈپٹی کمشنرثاقب رضا اسلم کوشیلڈ بھی پیش کی ڈپٹی کمشنر سوات نے پی آئی اوز پر زور دیا کہ وہ شہریوں کی گزارشات پر درکار معلومات کی بروقت فراہمی یقینی بنائیں مذکورہ قانون محکمہ جات میں گڈ گورنس،احتساب اور شفافیت کی جانب ایک اہم قدم ہے

Back to top button