عمران خان ہدف نہیں ہے، ہماری جدوجہد انکو لانے والوں کے خلاف ہے، نواز شریف
اسلام آباد ۔ سابق وزیراعظم میاں نواز شریف نے اسلام آباد میں منعقدہ آل پارٹیز کانفرنس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہعمران خان ہدف نہیں ہے، ہماری جدوجہد عمران خان کو لانے والوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نمائندہ حکومتیں آنے نہیں دی جاتیں اور اگر کوئی حکومت آ بھی جائے تو اس کے ساتھ ایک اور متوازی حکومت بن جاتی ہے۔
اپنے خطاب کے دوران نواز شریف نے کہا کہ یہ متوازی حکومت اصل نمائندہ حکومت سے کہیں زیادہ طاقتور ہوتی ہے۔ مجھے یاد ہے ایک مرتبہ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے ریاست کے اندر ریاست کا لفظ استعمال کیا تھا۔ میں اسے ریاست کے اوپر ریاست کہوں گا۔
سابق وزیراعظم کا مزید کہنا تھا کہ عاصم سلیم باجوہ کے خلاف اتنا بڑا سکینڈل سامنے آیا لیکن نہ نیب حرکت میں آیا نہ کوئی جے آئی ٹی بنی نہ کوئی مانیٹرنگ جج سامنے آیا اور وزیراعظم کہتے ہیں وہ کسی کو این آر او نہیں دیں گے لیکن عاصم باجوہ سے متعلق اسکینڈل آنے کے بعد انہیں پوچھنے تک کی ہمت نہیں ہوئی ۔