انسانی حقوقخبریں
بونیر، سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیو اپ لوڈ کرنے پر دلہا دلہن قتل
بونیر کی تحصیل ڈگر کے گاؤں نوائے کلے میں ایک شخص نے سوشل میڈیا پر قابل اعتراض ویڈیو وائرل ہونے پر اپنے 18 سالہ بیٹے اور 17 سالہ بہو کو قتل کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزم کو شام میں نماز کے بعد مسجد میں کسی نے ان کے بیٹے اور بہو کی ‘قابل اعتراض ویڈیو’ کے بارے میں بتایا تھا جس کے بعد وہ گھر گیا اور خاندان کے دیگر افراد کے ساتھ مشاورت کے بعد یہ انتہائی قدم اٹھایا۔ مقتولین کی چند روز قبل شادی ہوئی تھی۔
واقعے کے بعد پولیس نے لاشوں کو پوسٹ مارٹم کیلئے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال ڈگر منتقل کر دیا جہاں بعد ازاں لاشوں کو رشتے داروں کے حوالے کر دیا گیا۔
پولیس نے لڑکی کی والدہ کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
مقتولہ کی والدہ نے 2 بھائیوں سمیت خاندان کے متعدد افراد کو بیٹی اور داماد کے قتل میں ملوث قرار دیا ہے۔