کورونا وائرس: انفارمیشن کمیشنز نے سرگرمیاں محدود کردیں
ندیم تنولی
اسلام آباد: کورونا وائرس کے پیش نظر پاکستان انفارمیشن کمیشن اور خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن نے اپنی سرگرمیاں محدود کرتے ہوئے اپیلوں کی سماعت کو معطل کردیا ہے۔ خیبرپختونخوا انفارمیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ صوبائی حکومت کے احکامات اور سیکرٹری ریلیف خیبرپختونخوا کے مطابق کورونا وائرس کے عالمی وبائی صورتحال کے پیش نظر تمام لوگوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ آر ٹی آئی آفس میں عام ملاقاتوں پر تاحکم ثانی پابندی ہوگی اور اس کے ساتھ شہریوں کو مطلع کیا جاتا ہے کہ کمیشن کے فیصلے کے مطابق سمن کا اجراء بھی عارضی طور پر بند کردیا گیا ہے۔ پابندی لگانے سے خالصتا عوام کے وسیع تر مفاد اور صحت عامہ کو درپیش خطرات کو کم سے کم رکھنا مقصود ہے۔
جبکہ پاکستان انفارمیشن کمیشن نےبھی جمعرات کے روز شہریوں اور سرکاری اداروں کے انفارمیشن آفیسرز کو اپیلوں کی سماعت تاحکم ثانی ملتوی کرنے کے نوٹسز جاری کردیئے ہیں۔ پاکستان انفارمیشن کمیشن کی ویب سائٹ کے مطابق اپیلوں کی سماعت کا عمل تاحکم ثانی معطل کردیا گیا ہے تاہم نئی شکایات کو وصول کرنے کا عمل جاری رہے گا۔