پشاور، شہری کی برہنہ کرکے تشدد کرنے والے پولیس اہلکار معطل
پشاور۔ صوبائی دارلحکومت کی پولیس نے بنیادی انسانی حقوق کی دھجیاں اڑاتے ہوئے زیرحراست شہری کو پہلے تشدد کا نشانہ بنا ڈالا اور پھر برہنہ کرکے ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر شیئر کردی۔
تہکال سے تعلق رکھنے والے شہری عامر نے کچھ دن پہلے لاک ڈاؤن اور بے روزگاری سے تنگ آکر سوشل میڈیا پر پشاورپولیس افسران کے خلاف کچھ نازیبا الفاظ استعمال کیے۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد پولیس نے ردعمل میں عامر کو گرفتار کرکے بغیر کوئی کیس بنائے انہیں پہلے بدترین تشدد کا نشانہ بنایا اور پھر اس برہنہ کرکے ویڈیو بھی بنائی، تہکال پولیس نے بعد میں یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کردی جس میں پولیس عامر کا مذاق اڑتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
سوشل میڈیا پر ویڈیو وائرل ہونے اور لوگوں کی جانب سے شدید ردعمل کے نتیجے ایس ایس پی آپریشنز ظہور بابر آفریدی نے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے ایس ایچ او تہکال شہریار خان کو معطل کردیا۔
ایس ایس پی آپریشنز نے اے ایس آئی ظاہر اللہ، کانسٹیبل نعیم، اور کانسٹیبل توصیف کو بھی معطل کرنے کے احکامات جاری کرتے ہوئے ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کی ہدایت کی۔
ایس ایس پی ظہور کے مطابق تینوں اہلکاروں کو گرفتار کر کے حوالات میں بند کر دیا گیا ہے۔ پشاور بار ایسوسی ایشن کے صدر اختر بلند ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری ارباب صفی اللہ ایڈووکیٹ نے اپنی پریس ریلیز میں ذمہ دارافسران کو معطل کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے خیبرپختونخوا پولیس کے اعلی افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ آئندہ کےلئے ان جیسے غیراخلاقی روک تھام کےلئے اقدامات کریں۔