معروف اینکر یوسف جان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ
پشاور: کورونا وائرس سے متعلق مبینہ طور پر گمراہ کن پروگرام کرنے اور کورونا کی روک تھام کے حوالے سے حکومتی اقدامات کا مذاق اڑانے پر سماجی حلقوں کی جانب سے معروف اینکر پرسن یوسف جان کو گرفتار کرنے کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔
معروف اینکر پرسن یوسف جان جو آج کل اپنا یوٹیوب چینل چلا رہے ہیں کی جانب سے کورونا وائرس سے متعلق گمراہ کن پروگرام موضوع بحث بنا ہوا ہے۔ مذکورہ پروگرام میں یوسف جان سعودی عرب کی جانب سے اٹھائے گئے اقدامات کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہتے ہیں کہ عرب کے شیخ کمزور ہییں،وہ پختونوں کو عمرا کرنے کی اجازت دیں انہیں یقین ہے کہ تمام پختون عمرہ کے لئے جائیں گے۔
یوسف جان پروگرام کے دوران شہریوں کے ساتھ ہاتھ ملا کر اور گلے مل کر یہ پیغام دے رہے ہیں کہ یہ وائرس ہاتھ ملانے یا گلے ملنے سے نہیں پھیلتا۔ ویڈیو میں یوسف جان لوگوں کو ایمان مضبوط کرنے کی تلقین کرتے ہوئے کہتے ہیں ہم مسلمان ہیں اور موت تو ایک دفعہ آنی ہے اس سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے،وہ کہتے ہیں قیامت کے روز جب ہر جانب خوف کا عالم ہوگا اس صورت میں بھی پختون بے فکر ہوکر قہوہ پی رہے ہوں گے۔
حکومت کے نام پیغام میں یوسف جان کہتے ہیں کہ احتیاط ضروری ہے لیکن حکومت ایسے اقدامات اٹھانے سے گریز کرے جس سے ان کی دل آزاری ہے۔