دیر اپر: مکان پر مٹی کا تودہ گرنے سے بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق
خیبرپختونخوا کے ضلع دیر اپر میں گزشتہ رات ایک مکان پر پہاڑی تودہ گرنے سے 7 بچوں سمیت 12 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ریسکیو 1122 نارتھ ریجن کی ترجمان شفیقہ گل کے مطابق یہ واقعہ گزشتہ رات دیر اپر کے علاقہ پاتراک میدان میں پیش آیا۔
انہوں نے بتایا کہ دیر اپر کنٹرول روم کو رات 12 بجے ایک گھر پر پہاڑ گرنے کی خبر ملی تو ریسکیو 1122 اور مقامی لوگوں نے مل کر مکان کے ملبے تلے دبے افراد کی تلاش شروع کی۔
گل نے مزید کہا کہ پہاڑی تودہ گرنے سے گھر کے تین کیمرے تباہ ہو گئے، صبح چھ بجے تک امدادی کام جاری رہا اور مکان کے ملبے سے سات بچوں اور تین خواتین سمیت 12 افراد کی لاشیں نکالیں گئی۔
گل کے مطابق اس وقت علاقے میں بارشیں نہیں ہو رہی ہیں لیکن لگتا ہے کہ گزشتہ چند دنوں کی بارشوں سے پہاڑی تودہ گر گیا ہے۔
پاکستان کے محکمہ موسمیات نے 27 سے 31 اگست تک خیبرپختونخوا کے پہاڑی اور میدانی علاقوں میں تیز اندھی اور موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔
پاکستان کے نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے کل 29 اگست کو شائع ہونے والے اعداد و شمار میں کہا ہے کہ ملک میں یکم جولائی سے 29 اگست تک بارش کیوجہ سے ہونے والے واقعات اور سیلاب میں 265 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق صوبہ خیبرپختونخوا میں کل تک 76 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جن میں 35 بچے اور 16 خواتین شامل ہیں۔