حالات حاضرہ

مردان: امدادی رقم کی تقسیم میں کرپشن، مقدمہ درج

مردان: کورونا وائرس کے باعث متاثر ہونے والے مستحق گھرانوں میں احساس ریلیف پروگرام کے تحت بارہ ہزار روپے امدادی رقم کی تقسیم کا سلسلہ جاری ہے تاہم مذکورہ رقم کی ادائیگیوں میں تقسیم گنندگان کی جانب سے غیرقانونی طور پر رقم کی کٹوتی کی شکایات بھی رپورٹ ہونا شروع ہوگئی ہیں۔

مردان کے تھانہ طورو میں احساس ریلیف پروگرام کے تحت رقم کی ادائیگی میں غیرقانونی طور پر 300 سے 500 روپے تک کی کٹوتی پر دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایف آئی آر کے متن کے مطابق گورنمنٹ ہائی سکول محمد ولی کلے طورو میں مستحق افراد میں رقم کی تقیسم کا عمل جاری تھا تاہم رقم وصول کرنے والے متعدد افراد نے موقع پر موجود پولیس اہلکاروں کو تقسیم کنندگان کی جانب سے رقم کی کٹوتی کی شکایت کی۔ جس پر پولیس نے کاروائی کرتے ہوئے جنید علی سکنہ طورو اور معاذ احمد عمر بابا محب بانڈہ سے غیرقانونی طور پر وصول کی گئی رقم برآمد کرتے ہوئے انہیں گرفتار کر لیا۔

ملزمان کے خلاف پی پی سی کی دفعات 419، 420 اور 188/409 کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق تھانہ گھڑی کپور، تھانہ پار ہوتی اور تھانہ سٹی میں بھی اس نوعیت کے مقدمات درج کئے گئے ہیں۔

Back to top button