عدم پیشی: انفارمیشن کمیشن نے ڈی جی ای پی اے کی میڈیکل رپورٹ طلب کر لی
اسلام آباد: پاکستان انفارمیشن کمیشن نے شوکاز نوٹس پر انوائرمنٹل پروٹکیشن ایجنسی کی ڈائریکٹر جنرل کی عدم پیشی پر ان کی میڈیکل رپورٹ دو یوم میں کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان انفارمیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ حکم کی تعمیل نہ ہونے پاکستان ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ شاہ کو شوکاز نوٹس جاری کرتے ہوئے 4 فروری کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا تھا تاہم آج بروز جمعرات ای پی اے کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر انفورسمنٹ عامر عباس کمیشن کے سامنے پیش ہوئے اور کمیشن کو بتایا کہ ڈی جی بیمار ہونے کی وجہ سے کمیشن کے سامنے ذاتی حیثیت میں پیش نہیں ہوسکتیں۔
کمیشن نے ای پی اے کے ڈپٹی ڈائریکٹر کو آئندہ دو یوم میں ڈی جی فرزانہ شاہ کی میڈیکل رپورٹ کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کی ہے۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی پاکستان انفارمیشن کمیشن متعدد بار ای پی اے کی ڈائریکٹر جنرل فرزانہ شاہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کرچکا ہے لیکن ماضی میں بھی ہر دفعہ ڈی جی فرزانہ شاہ کی جانب سے ڈپٹی ڈائریکٹر عامر عباس پیش ہوتے رہے ہیں اور ہر مرتبہ ڈی جی کی مصروفیت کا عذر پیش کرتے رہے ہیں۔
دوران سماعت عامر عباس نے کمیشن کو آگاہ کیا کہ ان سمیت ای پی اے کے چار ملازم کورنا وائرس کا شکار ہوئے ہیں جبکہ ڈی جی فرزانہ شاہ بھی بیمار ہیں جس کی وجہ سے معلومات فراہم نہیں کی جاسکیں۔
کمیشن ڈپٹی ڈائریکٹر عامر عباس کو ڈی جی ای پی اے فرزانہ شاہ کی رپورٹ کمیشن میں جمع کرانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن ان کی صحت یابی کے لئے دعاگو ہے تاہم رپورٹ موصول ہونے کے بعد اس کیس کے حوالے مزید دلائل سنے جائیں گے۔
یاد رہے کہ شہری تیمور خان نے ای پی اے سے ادارے میں کام کرنے والے ملازمین، ان کی ملازمت کی حیثیت اور ان کے بھرتی کے طریقہ کار سے متعلق معلومات طلب کی تھیں۔ تاہم ای پی اے کی جانب سے طلب کی گئی معلومات فراہم کرنے سے انکار کیا تھا۔
پاکستان انفارمیشن کمیشن نے شہری کی شکایت پر 15 دسمبر کو تفصیلی فیصلہ جاری کرتے ہوئے معلومات فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ کمیشن کی ہدایت کے باوجود معلومات فراہم نہیں کی گئیں جس پر ڈی جی ای پی اے فرزانہ شاہ کو 4 فروری کو ذاتی حیثیت میں کمیشن کے سامنے پیش ہونے کی ہدایت کی گئی تھی۔