شربت میٹھا بنانے پر بھائی نے بہن کو قتل کردیا
پشاور کے نواحی علاقہ متھرا میں افطاری کے دوران شربت میٹھا بنانے پر بھائی نے فائرنگ کرکے اپنی سگی بہن اور بھائی کو قتل کردیا جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔
پولیس کے مطابق محلہ صادق آباد میں افطاری کے دوران شربت میں چینی کی مقدار زیادہ ہونے پر محمد اسحاق کی اپنی بہن کے ساتھ زبانی تکرار ہوئی جس پر اُس نے طیش میں آکر اپنی بہن مسماۃ(ن) اور بھائی حسین پر فائرنگ کردی جس کے نتیجہ میں دونوں شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزم واردات کے بعد فرار ہوگیا۔
پولیس کے مطابق مجروحین کو مقامی افراد نے طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کردیا جہاں دونوں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری کیلئے ڈی ایس پی رورل کی سربراہی میں خصوصی ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جنہوں نے ملزم کے ممکنہ ٹھکانوں پر کارروائی کا آغاز کر دیا ہے اور عنقریب ملزم کو گرفتار کر لیا جائے گا۔