خبریں

پی ٹی ایم رہنما عارف وزیر کے جنازے میں ہزاروں افراد کی شرکت

وانا۔ پختون تحفظ موومنٹ کے رہنما اور ممبر قومی اسمبلی علی وزیر کے چچازاد بھائی عارف وزیر کی نماز جنازہ ادا کردی گئی۔
نمازے جنازے میں جنازے میں پی ٹی ایم کے سربراہ منظور پشتین ، شمالی اور جنوبی وزیرستان سے ممبران قومی اسمبلی محسن داؤڑ اور علی وزیر اور ممبر صوبائی اسمبلی میر کلام وزیر سمیت ہزاروں کی تعداد میں لوگوں اور پی ٹی ایم کے کارکنوں نے شرکت کی۔
عارف وزیر کی نمازے جنازہ ان کے آبائی گاؤں غواہ خواہ میں ادا کی گئی۔ اس موقع پر منظور پشتین نے 5 مئی کو دنیا بھر میں عارف وزیر کے قتل کرنے کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا اعلان کیا۔
عارف وزیر کو جمعے کی روز نامعلوم حملہ آروں نے افطار سے چند لمحے قبل فائرنگ کرکے زخمی کردیا تھا جنہیں بعدا زاں اسلام آباد کے پمز ہستپال منتقل کیا جہاں پر دوران آپریشن چل بسے۔

اس موقع پر جنازے کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے محسن داوڑ نے کہا کہ پختون سرزمین پر جاری جنگ سے پختونوں کو ناقابل تلافی نقصان پہنچا ہے اگر ریاست کی یہی پالیسی رہی تو پختون سرزمین پر مزید نفرت پیدا ہوجائے گی جو ہماری قومی وحدت کے لئے نقصان دہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ قبائل وہ خطہ تھا جہاں سے ملک کے دفاع کے لئے عوام ہمیشہ بے تحاشا قربانیاں دی ہیں اور قبائل ملک پر اپنی جانیں نچھاور کرتے تھے لیکن دہشت گردی کی وجہ سے آج در بدر ہیں اور دہشت گردی کی جنگ سے کافی مصیبتیں اٹھائیں ہیں ۔
مقتول عارف وزیر کےکزن ایم این اے علی وزیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں یہاں آئے ہوئے تمام لوگوں کا شکریہ کرتے ہیں اور عوام سے وعدہ کیا کہ اگر ہمارے سارے کے مرد ختم ہوجاٰئیں تو پھر بھی ہم اپنے موقف پر قائم رہیں گے اور پختون کے حقوق کے لئے آواز اٹھاتے رہیں گے۔

مجمع سے پختون تحفظ موومنٹ کے سربراہ منظور پشتین نے کہا کہ قوم احمدزائی وزیر جرگے منعقد کرے اور آپس میں اتحاد واتفاق پیدا کرکے دہشت گردوں کو شکست دیں تاکہ آپ کی آنے والی نسلیں پر امن زندگی گزار سکیں انھوں نے 5 مئ کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر احتجاجی مظاہرے منعقد کرنے کا اعلان کیا۔ جنازے کے شرکاء سے آیاز وزیر اور تاج وزیر نے بھی خطاب کیا۔

Back to top button