آئی بی اے انتخابات: پہلی مرتبہ صدارت کےلئے خاتون وکیل میدان میں
اسلام آباد: ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کی چالیس سالہ تاریخ میں پہلی مرتبہ صدر خاتون وکیل صدر کے لئے امیدوار بن کر میدان میں اتری ہے۔ بار کی رکن خواتین کے ساتھ ساتھ مرد وکلا بھی جوش و خروش کے ساتھ حمایت کا اعلان کر رہے ہیں۔
اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کے انتخابات میں صدارت کے عہدے کےلئے امیدوار عذرا مودت نے "دی رپورٹرز” سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بار کی سیاست میں خواتین وکلا کو بھی مساوی حقوق ملنے چاہیے ،کامیاب ہوکر بلا تفریق بار کے مسائل حل کرنے کےلئے اپنا کردار ادا کرونگی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت وکلا کے دیرینہ مطالبات حل کرنے میں کسی قسم کی سستی نہ دکھائے، وکلا کے بنیادی ترین مطالبات میں کشادہ اور ہوادار چیمبرز کے ساتھ ساتھ صحت کی سہولیات اور بچوں کے اعلی تعلیم کا بندوبست بھی شامل ہے انہوں نے کہاکہ پاکستان بھر کی یونیورسٹیوں میں وکلا کے بچوں کے لئے کوٹہ مختص کیا جائے۔
سیدہ عذرا مودت کا کہنا تھا کہ وکلا تحریک کے بعد وکلا پر طرح طرح کے لیبل لگائے گئے، انہیں پرتشدد اور وکلا گردی جیسے القابات دیئے گئے تاہم ان کے حقوق کے لئے کوئی خاطر خواہ انتظام نہ کیا گیا ان کا کہنا تھا کہ بار اور بنچ کے درمیان سازگار ماحول کے لئے بھرپور اقدامات اٹھا سکتے ہیں ینگ لائرز اور نئی نسل کو اس شعبے سے متعارف کرانے کے لئے تربیتی اداروں اور دیگر جدید سہولیات بھی وقت کی اہم ضرورت ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ صنفی امتیاز کسی طور صحت مند معاشرے کے قیام کا باعث نہیں بن سکتا ہے خواتین نے زندگی کے ہر شعبے میں اپنا لوہا منوایا ہے وکالت ایک محنت طلب شعبہ ہے اس شعبے میں بھی خواتین پوری طرح لگن کے ساتھ اپنا مقام بنا رہی ہیں۔
وکالت میں بھی کام کرنے کی جگہ پر خواتین طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہوتی ہیں
انہوں نے کہاکہ دوسروں شعبہ ہائے زندگی کی طرح وکالت میں بھی کام کرنے کی جگہ پر خواتین طرح طرح کے مسائل سے دوچار ہوتی ہیں یہ شعبہ وقت طلب اور گھریلو زندگی کی قربانی مانگتا ہے۔
عذرا مودت نے کہاکہ جیسا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کا قول ہے کہ کوئی بھی معاشرہ خواتین کے بغیر ترقی کی منازل طے نہیں کر سکتا ہے بانی پاکستان کے اس فرمان کی روشنی میں اگر ہم خواتین کو نظرانداز کرتے ہیں تو ہم معاشرے کے ایک بڑے سرمائے سے محروم ہو جاتے ہیں ہماری خواتین میدان عمل میں مرد حضرات سے زیادہ بہتر نتائج دے کر ملک و قوم کی ترقی کا باعث بنتی ہیں۔
اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار میں صدارت کے انتخابات میں ایک خاتون وکیل کا آگے آنا دیگر خواتین ووکلا کےلئے ایک اعزاز کی بات ہے
ایک سوال کے جواب میں انہوںنے کہاکہ اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار میں صدارت کے انتخابات میں ایک خاتوں وکیل کا آگے آنا دیگر خواتین ووکلا کےلئے ایک اعزاز کی بات ہے اور مجھے بار کے سینئر ووکلا سمیت خواتین ووکلا نے اپنی بھرپور حمایت کا یقین دلایا ہے انہوں نے کہاکہ اس نشست پر خاتون وکیل کی کامیابی شعبے میں آنے والی نئی خواتین ووکلا کےلئے بھی حوصلہ آفزائی کا سبب بنے گا اور کامیاب ہوکر بلاتفریق ووکلا کو درپیش مسائل کےلئے حل کےلئے کام کرونگی۔