معلومات تک رسائی

اوکاڑہ، ڈپٹی کمشنر آفس میں آر ٹی آئی سینٹر قائم

پنجاب انفارمیشن کمیشن کی کی جانب سے شہریوں کے معلومات تک رسائی کی فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے ضلع کی سطح پر رائٹ ٹو انفارمیشن سینٹرز کے قیام کا سلسلہ جاری ہے۔

اسی سلسلے میں آج پنجاب انفارمیشن کمیشن کے چیف انفارمیشن کمشنر محبوب قادر شاہ نے ضلع اوکاڑہ کے ڈپٹی کمشنر آف میں رائٹ ٹو انفارمیشن سینٹر کا افتتاح کیا۔ اس سے قبل فیصل آباد اور ننکانہ میں آر ٹی آئی سینٹر قائم کئے جاچکے ہیں۔

اس موقع پر چیف انفارمیشن کمشنر پنجاب محبوب قادر شاہ نے سرکاری افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ پر عملد رآمد سے سرکاری محکموں میں شفافیت سے معاملات کو آگے بڑھانے میں مدد ملے گی عام شہری ایک درخواست کے ذریعے کسی بھی سرکاری دفتر سے متعلق معلومات حاصل کر سکتے ہیں اور متعلقہ محکمہ 14 دن کے اندر اندر یہ معلومات فراہم کرنے کا پابند ہیں۔

آر ٹی آئی سینٹرز کے حوالے سے محبوب قادر شاہ نے بتایا کہ یہ سینٹرز ہر ضلع میں قائم سرکاری اداروں اور انفارمیشن کمیشن کے درمیان پل کا کردار ادا کریں گے اور ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم یہ سینٹر اپنے ضلع کے سرکاری اداروں میں معلومات تک رسائی کےقانون پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں گے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صوبہ کے تمام اضلاع میں آر ٹی آئی سنٹر بنائے جائیں گے، ضلع میں پبلک انفارمیشن آفیسرز کی ماہانہ بنیاد پر میٹنگ کی جائے اور ضلع کے ہر سرکاری محکمے میں پبلک انفارمیشن آفیسر کی نامزدگی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ شہریوں کو معلومات کے حصول میں درشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

اس موقع پرآر ٹی آئی چیمپئین کا ایوارڈ حاصل کرنے والی معروف صحافی سعدیہ مظہر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ معلومات تک رسائی کے قوانین سرکاری اداروں میں کرپشن اور شفافیت کی روک تھام میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ عام شہری مفاد عامہ کی معلومات کی حصول کے لئے اسے باقاعدگی سے استعمال کریں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ صحافی ان قوانین کو تحقیقاتی صحافت کے لئے استعمال کرسکتے ہیں۔

پنجاب انفارمیشن کمیشن کے ڈائر یکٹر آگاہی و ٹریننگ نعمان نذیر نے اس موقع پر شرکا کو اس قانون کی افادیت اور اس کے استعمال کے طریقہ کار کے حوالے سے بتایا۔

Back to top button