کورونا وائرس کے باعث کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے ضلع انتظامیہ راولپنڈی نے سیکنٹروں تابوت اور کیمکل لگا کفن خرید لئے، باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی گئی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کےلئے پندرہ سو تابوت اور کفن خرید کر رکھ لے۔
ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت کی جانب سے احکامات ملنے کے بعد کمشنر راولپنڈی کی زیر صدارت اجلاس ہوا جس میں ڈپٹی کمشنر راولپنڈی سمیت میونسپل کارپوریشن، راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی، پی ایچ اے سمیت متعدد اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ اجلاس میں کورونا وائرس کی ممکنہ صورتحال اور اس سے بچنے کے حوالے سے کئے گئے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کے باعث ہونے والے مریض کی تدفین کے حوالے سے بھی لائحہ عمل طے کرنے پر غور کیا گیا تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ علماء کرام سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس کے بعد میونسپل کارپوریشن راولپنڈی نے ضلعی انتظامیہ کی ہدایت پر دو سو تابوت اور کیمکل لگے کفن خرید لئے ہیں۔ ایک اعلی سرکاری افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ تمام اضلاع کو تقریبا پندرہ سو تابوت اور کفن خرید کر تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔