حالات حاضرہکورونا

تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کورونا وائرس کا شکار

مردان کے حلقہ پی کے 53 سے منتخب ہونے والے تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی عبدالسلام آفریدی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں۔

محمد سلام نامی شخص کے نام سے سامنے آنے والی ایک میڈیکل ٹیسٹ کی رپورٹ کے حوالے سے یہ کہا جارہا ہے کہ یہ رپورٹ ایم پی اے عبدالسلام آفریدی کی ہے۔  25 مارچ کو حاصل کئے گئے نمونے کی رپورٹ آج موصول ہوئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 53 سالہ
محمد سلام میں کورونا وائرس کی موجودگی پائی گئی ہے۔

عبدالسلام آفریدی کے حلقہ نیابت منگاہ سے کورونا وائرس سے پہلی ہلاکت کا واقع سامنے آیا تھا جس کے بعد علاقے کو لاک ڈاون کردیا گیا تھا تاہم عبدالسلام آفریدی اس دوران منگاہ کے عوام کے درمیان موجود رہے تھے۔

میڈیکل رپورٹ منظر عام پر آنے کے بعد ایم پی اے عبداسلام آفریدی نے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا ہے جس میں انہوں نے عوام سے احتیاطی تدابیر پر عمل کرنے کی اپیل کی ہے۔ ویڈیو میں عبداسلام آفریدی کا کہنا ہے کہ انہیں ٹیسٹ مثبت آنے پر کوئی ندامت نہیں ہے کیونکہ وہ مشکل کی گھڑی میں وہ اپنے حلقے کے عوام سے دور نہیں رہ سکتے تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ جلد صحت یاب ہوکر دوبارہ حلقے کے عوام کے درمیان ہونگے۔


عبدالسلام آفریدی ضمنی انتخابات میں مردان کے حلقہ پی کے 53 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر پہلی مرتبہ رکن صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے۔

Back to top button