حالات حاضرہکورونا

پشاور: سینئر صحافی فخرالدین سید کورونا وائرس سے جاں بحق

 

پشاور: عالمی وبا کورونا وائرس سے خیبر پختونخوا میں پہلا صحافی انتقال کرگئے ۔ تفصیلات کے مطابق 92 نیوز پشاور سے وابستہ سینئر صحافی فخرالدین سید  کئی دنوں تک کورونا وائرس میں مبتلا رہنے کے بعد آج  پشاور کے حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں  انتقال کرگئے ۔

فخر الدین سید  گزشتہ دس دن سے بخار اور سینے میں شدید تکلیف محسوس کررہے تھے، حالت تشویشناک ہونے پر ان کو ہسپتال داخل کرایا گیا جہاں ان کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آگیا، ان کو ایچ ایم سی کے ائسولیشن میں رکھا گیا اور پلازمہ کے ذریعے جان بچانے کی کوشش کی گئی، انتقال سے ایک روز قبل ان کو انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں منتقل کیا گیا تاہم وہ جانبر نہ ہوسکے۔

 فخرالدین سید کا شمار پشاور کے سینئر اور منجھے ہوئے رپورٹرز میں ہوتا تھا۔ انہوں نے اس سے قبل قومی اخبارات روزنامہ جہاد، روزنامہ پاکستان، آج نیوز ٹی وی کے ساتھ بھی کام کیا اور شروع دن سے 92 نیوز کے ساتھ وابستہ رہے، اپنے صحافتی کیرئیر کے دوران دہشت گردی اور جرائم سمیت متعدد شعبوں میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، یاروں کے یار فخرالدین سید دوستوں کو روتا ہوا چھوڑ کر جہان فانی سے کوچ کرگئے، فخرالدین سید کورونا  سے جاں بحق ہونے والے خیبر پختونخوا کے پہلے صحافی ہیں۔

 انہوں نے سوگوران میں بیوہ اور 2 بیٹیاں چھوڑی ہیں۔  فخر الدین سید کا شمار صوبے کے سینئر صحافیوں میں ہوتا تھا،پشاور پریس کلب ،خیبر یونین آف جرنلسٹ اور فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کے کئی عہدوں پر فائز رہے ، وہ  انتہائی ملنسار،شفیق طبع ،خوش اخلاق اور سب سے محبت کرنے والے تھے۔ انہیں گزشتہ دنوں حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں کورونا کے علاج کے لئے داخل کیا گیا مگر وہ جانبر نہ ہوسکے۔

Back to top button