نادرا کی جانب سے شہریوں کو معلومات کی فراہمی میں مزاحمت پر انفارمیشن کمیشن برہم
اسلام آباد۔ نادرا کی جانب سے شہریوں کو معلومات کی فراہمی میں مزاحمت پر پاکستان انفارمیشن کمیشن نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بنیادی معلومات جو ادارے کی ویب سائٹ پر موجود ہونی چاہئیں وہ بھی شوکاز نوٹس کے باوجود شہری کو فراہم نہیں کی گئی۔
شہری کی اپیل پر پاکستان انفارمیشن کمیشن میں ہونے والی سماعت کے دوران نادرا کے ڈپٹی ڈائریکٹر لیگل مجاہد علی نے جزوی معلومات فراہم کرتے ہوئے شوکاز نوٹس واپس لینے کی استدعا کی۔
انہوں نے کمیشن کو بتایا کہہ نادرا آرڈیننس 2000ء کی شق 28 اور 29 کسی بھی قسم کا نادرا ریکارڈ شہریوں کو معلومات دینے سے روکتا ہے۔ معلومات کی فراہمی مذکورہ قانون کی خلاف ورزی تصور ہوگی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ نادرا کے پاس موجود موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کی تعداد یا ان کی موجودہ حالت سے متعلق معلومات شہریوں کو دینے سے سیکورٹی کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں۔
انفارمیشن کمشنر زاہد عبداللہ نے استفسار کیا کہ ملک میں نادرا کے پاس رجسٹرڈ کل خواجہ سراء یا معذور افراد کی تعداد یا نادرا کے پاس موجود موبائل رجسٹریشن گاڑیوں کی کل تعداد بتانے سے کیسے سیکورٹی کے مسائل پیدا ہوسکتے ہیں؟
انفارمیشن کمشنر کا کہنا تھا کہ اس قسم کی معلومات کی فراہمی سے حکومت کو خواجہ سراوں یا معذور افراد کے لئے اقدامات کرنے میں آسانی ہوگی۔
سماعت کے دوران چیف انفارمیشن کمشنر محمد اعظم کا کہنا تھا کہ معلومات تک رسائی کا قانون کے تحت حساس یا ذاتی معلومات فراہم نہیں کی جاسکتی۔ لیکن نادرا سے مانگی گئی معلومات اس زمرے میں نہیں آتیں۔ اگر کسی سرکاری ادارے کو اس حوالے سے کوئی ابہام ہوتو اس کا فیصلہ کمیشن کرے گا کہہ کون سی معلومات دی جاسکتی ہیں اور کون سی نہیں۔ نادرا خود سے یہ فیصلہ کرنے کا مجاز نہیں ہے۔
واضح رہے کہ شہری مختار احمد نے نادرا سے کل اسامیوں کی تعداد، خالی اسامیوں کی تعداد ، نادرا کے پاس موجود موبائل رجسٹریشن وین کی کل تعداد اور ان کی موجود حالت کے حوالے سے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت معلومات طلب کی تھیں تاہم نادرا کی جانب سے جواب موصول نہ ہونے پر انہوں نے پاکستان انفارمیشن کمیشن سے رجوع کیا تھا ۔
جس پر پاکستان انفارمیشن کمیشن نے 25 فروری کو اپنے تحریری حکم میں مذکورہ بالا معلومات درخواست گزار کو فراہم کرنے اور جان بوجھ کر معلومات کی فراہمی میں رکاوٹ ڈالنے پر نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر فائک علی چاچڑ کی 5 روز کی تنخواہ کاٹنے کا فیصلہ سنایا تھا۔
انفارمیشن کمیشن نے نادرا کے پبلک انفارمیشن آفیسر کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کے احکامات جاری کرتے ہوئے سماعت 20 اگست تک کےلئے ملتوی کردی ہے