حالات حاضرہ

ڈپٹی کمشنر مردان طلباءکے چوری شدہ لیپ ٹاپس کا سراغ لگانے میں ناکام

مردان: ڈپٹی کمشنر طلباءکے چوری شدہ لیپ ٹاپس کا سراغ لگانے میں ناکام رہے ہیں۔ کورونا وائرس سے نمٹنے کےلئے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے عبدالوالی خان یونیورسٹی کے ہاسٹل میں قرنطینہ سینٹر قائم کیا گیا تھا،عجلت اور جلد بازی میں انتظامیہ نے کمروں میں موجود طلباءکے سامان کو لپیٹ کر ایک جگہ اکھٹا کردیا تھا، بعد میں اطلاع ملنے پر جب طلباءاپنا سامان وصول کرنے آئے تو معلوم ہوا کہ ان کے سامان میں سے قیمتی دستاویزات، اسناد ، لیپ ٹاپ و دیگر سامان غائب ہے، طلباءنے متحدہ طلباءمحاز کے پلیٹ فارم سے انتظامیہ کو اپنے سامان کی گمشدگی کے بارے میں آگاہ کیا۔

متحدہ طلباءمحاز کے صدر عباس خان نے ”دی رپورٹرز“ کو بتایا کہ انہوں نے ڈپٹی کمشنر سے ملکر انہیں طلباءکے سامان کی گمشدگی و دیگر مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا تھا اور اپنی شکایات تحریری طور پر ان کے حوالے کی تھیں جس پر انہوں نے انکوائری کرانے کی یقین دہانی کرائی تھی تاہم اس حوالے سے اب تک کوئی مثبت پیش رفت سامنے نہیں آئی۔

ذرائع کے مطابق معاملے کی تحقیقات کےلئے انکوائری کمیٹی تشکیل دی گئی ہے تاہم وہ بھی روایتی سست رفتاری کی نظر ہوچکی ہے۔ ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ جن کمروں میں طلباءکا سامان پڑا تھا اس میں سے ایک کمرے کا تالا بعد ازاں تبدیل کیا گیا تھا۔ یہ تالا کس نے تبدیل کیا اور کمروں سے سامان کس نے نکالا انتظامیہ اس حوالے سے خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔

ذرائع کے مطابق طلباءکے لیپ ٹاپ کی گمشدگی یا چوری میں یونیورسٹی کے ملازمین کے ملوث ہونے کا امکان ہے۔ عباس خان کے مطابق تیس سے چالیس طلباءکے لیپ ٹاپس غائب ہیں ، بیشتر غریب طلباءنے اپنی تعلیمی ضرورت کو پورا کرنے کےلئے ادھار رقم پر لیپ ٹاپ خریدے تھے ان کی گمشدگی سے طلباءکا تعلیمی سلسلہ بری طرح متاثر ہورہا ہے۔

Back to top button