خبریں

امریکی خاتون کو 9 جون کو عدالت میں جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس

پیپلز پارٹی کے رہنماؤں پر الزامات لگانے والی امریکی خاتون سینتھیا رچی کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونے کا نوٹس جاری کر دیا گیا ہے۔

پاکستان میں مقیم امریکی شہری سینتھیا رچی کو 9 جون کو جسٹس آف پیس کے سامنے پیش ہونےکا نوٹس جاری کیا گیا ہے۔ عدالت نے ایف آئی اے سائبر کرائمز اور پی ٹی اے حکام کو بھی پیش ہونے کا حکم دیا ہے۔

پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی نے سینتھیا کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے پر سیشن جج کو درخواست دی تھی۔ شکیل عباسی کا کہنا ہے کہ میری درخواست پر سینتھا رچی، فیڈرل انویسٹی گیشن (ایف آئی اے) اور ایس ایس پی اسلام آباد کو طلب کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایف آئی اے نے مقدمہ درج نہ کیا، اس لیے 22 اے کے تحت عدالت سے رجوع کیا۔ واضح رہے کہ پاکستان میں مقیم امریکی شہری سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت پر الزامات لگائے ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق ایک ویڈیو بیان میں سنتھیا رچی نے پیپلز پارٹی کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ رحمٰن ملک پر زیادتی کرنے کا الزام لگا دیا ہے۔

امریکی خاتون سنتھیا رچی نے الزام لگایا کہ رحمٰن ملک نے انہیں 2011ء میں زیادتی کا نشانہ بنایا جب پاکستان پیپلز پارٹی کی حکومت تھی اور رحمٰن ملک وزیرِ داخلہ کے عہدے پر فائز تھے۔

امریکی شہری نے سابق وزيرِ اعظم یوسف رضا گیلانی اور سابق وزیرِ صحت مخدوم شہاب الدین پر بھی دست درازی کا الزام عائد کیا ہے۔

سنتھیا رچی نے کہا ہے کہ یوسف رضا گیلانی نے ان سے تب دست درازی کی جب وہ ایوانِ صدر میں مقیم تھے۔

سابق وزیرِ اعظم یوسف رضاگیلانی ان الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ امریکی خاتون کے خلاف قانونی کارروائی کے لیے پارٹی فیصلہ کرے گی۔

Back to top button