حالات حاضرہ

حکومت چیف جسٹس کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر غور کررہی ہے، وزیر داخلہ

اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس عمر عطا بندیال اور سپریم کورٹ کے دو دیگر ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے پر غور کیا جارہا ہے۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ تینوں ججوں نے ایسے فیصلے جاری کیے جو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لیے ناسازگار تھے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ان میں سے ایک فیصلہ آرٹیکل 63 سے متعلق تھا، جسے ماہرین آئین و قانون "آئین کو دوبارہ لکھنے” کے مترادف سمجھتے ہیں۔

رانا ثناء اللہ نے دعویٰ کیا کہ ایسا لگتا ہے کہ ججز پنجاب اور کے پی انتخابات کے کیس کا فیصلہ خود کرنا چاہتے ہیں اور انہوں نے فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کرتے ہوئے اکثریتی بینچ کے فیصلے کو قبول کرنے سے انکار کردیا۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کو عدلیہ میں تقسیم کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف پی ٹی آئی حکومت  کے ریفرنس نے اس تقسیم کا بیج بویا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پی ڈی ایم کی قیادت میں عدلیہ میں تقسیم کی صورتحال پی ٹی آئی سے مختلف نہیں ہے۔

عمران خان کو سیاست سے ہٹانے کے امکان کے بارے میں پوچھے جانے پر رانا ثناء اللہ نے جواب دیا کہ جمہوریت میں صرف انتخابات ہی کسی کو سیاست سے ہٹانے کا ذریعہ ہوتے ہیں اور تمام سیاسی جماعتیں اس نکتے پر متفق ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ اگر خان انہیں ختم کرنا چاہتے ہیں تو وہ بھی چاہتے ہیں کہ وہ چلے جائیں۔

Back to top button