تحریک انصاف کا سینٹ میں چیف جسٹس کے اختیارات سے متعلق بل کی مخالفت کا فیصلہ
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے ایوان بالا میں سپریم کورٹ پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ فیصلہ سینیٹ میں قائد حزب اختلاف شہزاد وسیم کی زیر صدارت پارٹی کے پارلیمانی اجلاس میں کیا گیا۔ اجلاس میں تحریک انصاف کے سینیٹرز نے سینیٹ اجلاس کے لئے حکمت عملی بھی تشکیل دی۔
سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ پارٹی اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ وہ سینیٹ میں پریکٹس اینڈ پروسیجر بل کی مخالفت کریں گے اور بل کمیٹی کو بھیجا جائے۔
اس سے قبل بدھ کو قومی اسمبلی نے مذکورہ بل منظور کیا تھا جس کے تحت چیف جسٹس آف پاکستان کے بینچ تشکیل دینے اور ازخود نوٹس لینے کے اختیارات میں کمی کی گئی ہے۔
چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال 16 ستمبر کو ریٹائر ہو رہے ہیں جس کے بعد جسٹس قاضی فائز عیسیٰ 17 ستمبر کو چیف جسٹس آف پاکستان کے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے مجوزہ ترامیم یا تبدیلیاں واپس لینے پر رضامندی کے بعد یہ بل سادہ اکثریت سے منظور کیا گیا تھا۔
سوموٹو لاطینی زبان میں استعمال ہونے والی اصطلاح ہے جس کا مطلب یہ ہے کہ اعلیٰ ترین جج اپنی پسند کے کسی بھی کیس کی سماعت کر سکتا ہے۔