ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی میں کرونا وائرس کی تشخیص کے بعد وزیراعظم عمران خان نے بھی کرونا وائرس کا ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔
وزیراعظم کے کرونا فوکل پرسن ڈاکٹر فیصل نے منگل کو میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ وزیراعظم کی چند دن پہلے ایک ایسے صاحب سے ملاقات ہوئی جن کا کرونا ٹیسٹ مثبت آیا ہے، بطور وزیراعظم عمران خان نے کرونا وائرس کا بدھ کو ٹیسٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا نتیجہ جلد آنے کا امکان ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان نے 5 روز قبل ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ فیصل ایدھی سے ملاقات کی تھی۔ فیصل ایدھی امداد کا چیک دینے وزیراعظم کے پاس گئے تھے۔ ان کا کرونا ٹیسٹ منگل کو مثبت آیا ہے۔ فیصل ایدھی نے خود کو اسلام آباد میں قرنطینہ کرلیا ہے۔
ٹیسٹ سے قبل فیصل ایدھی میں کرونا وائرس کی علامتیں ظاہر نہیں ہوئی تھیں۔اسلام آباد روانگی سے قبل فیصل ایدھی نے کرونا ٹیسٹ کروانے کی درخواست کی تھی، تاہم وہ نہ ہوسکا۔ فیصل ایدھی کا کرونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایسے افراد کی فہرست تیار کی جارہی ہے جن سے انہوں نے حالیہ دنوں میں ملاقات کی ہے، جب کہ فیصل ایدھی کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد ایدھی فاؤنڈیشن کے کچھ عملے اور فیصل ایدھی کے اہل خانہ کے بھی کرونا ٹیسٹ کرائے جائیں گے۔