خبریںکورونا

خیبرپختونخوا: 14 ڈاکٹرز سمیت 30 طبی اہلکار کرونا کا شکار

پشاور: خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس  سے متاثرین کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔ محکمہ صحت کے مطابق  خیبر پختونخوا  میں1345 افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 80 لوگوں کی جان جا چکی ہے۔ فکر کی بات یہ ہے کہ اس بیماری کی زد میں آنے والے ڈاکٹروں ، نرسوں اور   پیرامیڈیکل اسٹاف  کی تعداد میں بھی مسلسل اضافہ ہورہا ہے ۔

محکمہ صحت کے دستاویزات کے مطابق  خیبر پختونخوا کے 30 سے زائد ڈاکٹروں ، نرسوں  اور دیگر  طبی اہلکاروں میں  کورونا وائرس  کی تصدیق ہوگئی ہے جن میں  14 ڈاکٹرز ، 5 پیرا میڈیکس اور 11 دیگر طبی اہلکار  شامل ہیں ۔

دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ پشاور کے 11 ڈاکٹروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جب کہ بنوں، مردان اور سوات میں ایک، ایک ڈاکٹر کورونا میں مبتلا ہیں۔

ان چودہ ڈاکٹروں  میں دو خواتین ڈاکٹر بھی شامل ہی جس میں سے ایک ڈاکٹر کی حالت تشویشناک ہے۔

ان کے علاوہ  پیرامیڈیکل اسٹاف میں 5 خواتین بھی کورونا وائرس سے متاثر ہوئی ہیں جن میں سے ایک کا تعلق شانگلہ جب کہ چار پشاور سے ہیں۔

واضح رہے کہ اب تک ملک میں کئی ڈاکٹرز کورونا وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں جب کہ گلگت بلتستان اور کراچی میں ڈاکٹر کورونا سے جاں بحق بھی ہو چکے ہیں۔

ڈاکٹر اور طبی عملہ اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں صف اول کے سپاہی ہیں جو مشکل حالات کے باوجود جواں مردی سے وائرس کا مقابلہ کرنے میں مصروف ہیں۔

Back to top button