خبریںکورونا

قرنطینہ سے ڈی سی مردان کے نام کھلا خط

مردان: عبدالولی خان یونیورسٹی میں قائم قرنطینہ سینٹر میں یونین کونسل منگا سے تعلق رکھنے والے درجنوں شہری موجود ہیں۔ مذکورہ قرنطینہ سینٹر میں مبینہ طور پر موجود ایک شہری نے ڈپٹی کمشنر مردان کے نام لکھے گئے خط میں سہولیات کے فقدان کا شکوہ کیا ہے۔

ڈپٹی کمشنر کے نام لکھے گئے اس خط میں کہا ہے کہ انہیں اس سینٹر میں رکھنے کی دو بڑی وجوہات ہیں ایک تو اگر اگر یہ کورونا وائرس سے متاثرہ ہیں تو ان کا علاج ہوسکے اور دوسرا باقی لوگ اس وائرس سے محفوظ رہ سکیں لیکن گزشتہ دو دن سے نہ تو کسی ڈاکٹر نے یہاں کا دورہ کیا ہے اور نہ ہی انہیں حفاظتی سامان یعنی ماسک، دستانے وغیرہ فراہم کئے گئے ہیں۔

دو صفحات پر مشتمل خط میں لکھا ہے کہ پہلے روز فراہم کئے گئے ماسک ڈسپوزیبل ہیں اور ایک دن سے زائد استمعال کے قابل نہیں ہیں جبکہ حفاظتی دستانے بھی فراہم نہیں کئے گئے۔ خوراک کا انتظام اچھا ہے لیکن اس کی تقسیم کے طریقہ کار کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے جبکہ قرنطینہ میں موجود شہریوں کو تاحال وٹامنز یا کیلشیم بڑھانے کےلئے ادویات فراہم نہیں کی گئیں۔

شہری نے ڈپٹی کمشنر سے اپیل کی ہے کہ انہیں ضروری سامان فراہم کیا جائے اور ڈاکٹر کو مذکورہ سینٹر بھیجا جائے تاکہ اگر کسی شہری کو کورونا وائرس کے علاوہ بھی کوئی بیماری لاحق ہے تو اس کا بروقت علاج ہوسکے۔

Back to top button